محکمہ ایکسائز کی کارروائی ،7چوری شدہ گاڑیاں برآمد
روڈ چیکنگ کے دوران 7مشکوک گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7چوری شدہ گاڑیاں برآمد کر لیں۔ محکمے نے روڈ چیکنگ کے دوران 7 مشکوک گاڑیوں کو تحویل میں لیا۔گاڑیوں کے چیسز نمبرز مشکوک پائے جانے پر انہیں فرانزک سائنس لیبارٹری (FSL) سے جانچ کے لیے بھیجا گیا۔ لیبارٹری رپورٹ موصول ہونے کے بعد تصدیق ہوئی کہ یہ تمام گاڑیاں مختلف اضلاع سے چوری شدہ تھیں۔قواعد و ضوابط کے مطابق تمام گاڑیوں کو متعلقہ پولیس سٹیشنز کے حوالے کر دیا گیا تاکہ انہیں ان کے اصل مالکان تک پہنچایا جا سکے ۔ برآمد ہونے والی گاڑیوں میں سے 3گاڑیاں سندھ پولیس ،1شیخوپورہ،1 سرگودھا جبکہ 2گاڑیاں راولپنڈی پولیس کو مطلوب تھیں۔اسلام آباد ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ حکام کے مطابق عوام کے جان و مال کے تحفظ اور چوری شدہ گاڑیوں کی روک تھام کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ محکمے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گاڑیوں کی خرید و فروخت کے دوران مکمل تصدیق اور قانونی جانچ پڑتال کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی سے بچا جا سکے ۔