این ایچ اے ،ٹول پلازہ نیلامی سے ایک ارب سے زائد کا منافع
کامیاب بولیاں اپنی مقررہ رعایتی قیمتوں (ریزرو پرائس) سے اوسطاً 30 فیصد زائد رہیں
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ملک بھر کے کل 93 ٹول پلازوں میں سے 81 کے لیے مسابقتی نیلامی کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا ہے ۔ صداقت اللہ اخونزادہ جنرل منیجر (ریونیو / آئی ٹی ایس) این ایچ اے ہیڈ کوارٹرز نے بطور نیلام کنندہ (آکشنیر) منظور شدہ طرائقِ کار اور شرائط کے مطابق ٹول پلازہ کی نیلامی کو انتہائی منصفانہ، شفاف اور منظم انداز میں سرانجام دیا۔ نیلامی کے نتیجے میں مقررہ اہداف سے ہٹ کر 1 ارب 6 کروڑ روپے کا غیر معمولی سالانہ ریونیو سرپلس (اضافی منافع) حاصل ہوا ہے ، کامیاب بولیاں اپنی مقررہ رعایتی قیمتوں (ریزرو پرائس) سے اوسطاً 30 فیصد زائد رہیں۔ نیشنل لاجسٹکس سیل (NLC)، علی انٹرپرائزز، محمد رمضان اینڈ کمپنی، اور گوہر حیات سمیت ملک کے معروف لاجسٹکس اداروں اور نجی کمپنیوں نے اہم ہائی وے نیٹ ورکس پر آپریشنل حقوق حاصل کرنے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس مرحلے کے دوران سب سے زیادہ ماہانہ آمدنی این-5 (N-5) ہائی وے پر واقع سٹریٹجک اہمیت کے حامل جامشورو پلازہ (156,670,000 روپے ) اور سنگجانی پلازہ (134,845,000 روپے ) سے ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب مختلف انتظامی اور قانونی پچیدگیوں کے باعث 12 ٹول پلازوں کی نیلامی عارضی طور پر ابھی باقی ہے ۔