شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ،آئی جی

 شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ،آئی جی

محرم الحرام میں امن و امان کی بحالی کیلئے تما م وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا ،شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات، سکیورٹی انتظامات، پولیس کی آپریشنل تیاریوں اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ سے متعلق اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مختلف شعبہ جات کی کارکردگی، درپیش سکیورٹی چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے اختیار کی جانے والی حکمتِ عملی پر بھی غور کیا گیا۔آئی جی نے افسران کو ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے ۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جائے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔آئی جی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں اور عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دیے جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں