امریکی اعانت سے50 پاکستانی کاروباری افراد کو ڈیجیٹل مہا رت کی تربیت

امریکی اعانت سے50 پاکستانی کاروباری افراد کو ڈیجیٹل مہا رت کی تربیت

یوایس ایلومنائی نیٹ ورک ، ٹیک ویلی کے اشتراک سے منعقدہ تجارتی تربیتی پروگرام ختم امریکہ پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے ،اینڈریوہیلس کا خطاب

اسلام آباد(دنیارپورٹ )پاکستان میں امریکی مشن کی جانب سے پاک یوایس ایلومنائی نیٹ ورک اور ٹیک ویلی پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ پانچ روزہ تجارتی تربیتی پروگرام اختتام پذیر ہوگیا۔ اس پروگرام کا مقصد کاروباری شعبے سے وابستہ پاکستانی افراد کی ڈیجیٹل تجارت سے متعلق صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور اُنھیں بین الاقوامی آن لائن تجارتی منڈیوں میں مؤثر انداز میں مسابقت کے قابل بنانا تھا۔ای کامرس اینڈ ڈیجیٹل ٹریڈ بلڈنگ دی یوایس پاکستان اکنامک پارٹنرشپ کے عنوان سے یہ پروگرام 8 سے 12 جون تک یوایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن ان پاکستان کے اسلام آباد میں نئے قائم ہونے والے ہیڈکوارٹرز میں منعقد کیا گیا۔ تربیتی نشست میں شریک پچاس افراد کا انتخاب قومی سطح پر ایک مسابقتی اور متعدد مراحل پر مشتمل عمل کے بعد کیا گیا ۔ منتخب ہونے والے ان افراد نے دستکاری، زراعت، فیشن، سافٹ ویئر سازی اور صحت سمیت معیشت کے مختلف شعبوں کی نمائندگی کی۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امریکی مشن کے ناظم الاُمور اینڈریوہیلس نے تجارت کی ترقی اور اختراع کی حوصلہ افزائی کے ذریعے پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری کرنے کے امریکی عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستانی برآمدات کی سب سے بڑی منڈی ہے ۔ شرکاء کو آن لائن سٹورز کے قیام، ڈیجیٹل ذرائع پر تجارت سے متعلق قواعد و ضوابط کی سمجھ بوجھ اور رسد اور ترسیلی سلسلوں کے انتظام سے متعلق تربیت دی گئی۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں