اساتذہ تنظیموں،پنشنرز ایسوسی ایشن نے وفاقی بجٹ کو مسترد کردیا
مہنگائی کئی گنا بڑھ چکی ،تنخواہوں ،پنشن میں 7فیصد اضافہ مضحکہ خیز ،مشترکہ بیان
راولپنڈی( خصوصی نامہ نگار )وفاقی حکومت کی ہٹ دھرمی ملازمین کا احتجاج بھی رنگ نہ لا سکا اساتذہ تنظیموں اور پنشنرز ایسوسی ایشن نے وفاقی بجٹ کو مسترد کردیا، حکمران اپنی عیاشیوں پر بے دریغ خرچ کرتے ہیں جبکہ بے بس اساتذہ و ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ مضحکہ خیز ہے ، بزرگ پنشنرز کے میڈیکل الاؤنس میں بھی اضافہ نہیں کیا گیا ہوش ربا مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ، بجلی و گیس کے بڑھتے ہوئے بلوں کے باوجود سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اتنا قلیل اضافہ سراسر ناانصافی ہے ۔قائدین شفیق بھلوالیہ، ڈاکٹر اسحاق ر ، رمضان انقلابی، بشیر احمد ، نواز اور دیگر نے مشترکہ بیان میں کہا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران حکمران طبقہ نے اپنی تنخواہوں اور مراعات میں 600 سے 900 فیصد تک اضافہ کر لیا ہے جبکہ ملازمین اور پنشنرز کو معمولی ریلیف دیا گیا ہے ۔