انسداد ڈینگی مہم ، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،اے ڈی سی

 انسداد ڈینگی مہم ، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی،اے ڈی سی

قبرستانوں، کباڑ خانوں، تعمیراتی مقامات، ٹائر شاپس، نرسریوں کی نگرانی کی ہدایت

راولپنڈی ( خصوصی نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز عبدالرحمن خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسدادِ ڈینگی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں، تعلیم، لائیو سٹاک، زراعت، ماحولیات، ریسکیو 1122 سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور ضلع بھر میں انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈینگی کی موجودہ صورتحال، ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی، ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس، لاروا تلفی مہم، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور عوامی آگاہی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر نے ہدایت کی کہ تمام محکمے باہمی رابطہ اور مؤثر کوآرڈینیشن کے ذریعے انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید فعال بنائیں اور فیلڈ سرگرمیوں میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ قبرستانوں، کباڑ خانوں، تعمیراتی مقامات، ٹائر شاپس، نرسریوں، سرکاری و نجی عمارتوں اور دیگر حساس مقامات کی باقاعدہ نگرانی کی جائے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے ۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ شہریوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی کو مزید فروغ دیا جائے تاکہ عوام بھی اس قومی مہم میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں