PMDCاور WHOکا صحت خدمات مضبوط بنانے پر اتفاق
ایم بی بی ایس نصاب میں فیملی میڈیسن کے 75تدریسی گھنٹے شامل کرنیکی ہدایتفیملی میڈیسن مضبوط، منصفانہ اور قابل رسائی صحت نظام کی بنیاد، ڈاکٹر رضوان تاج
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے پاکستان میں بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیملی میڈیسن کے فروغ سے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ اس حوالے سے پی ایم اینڈ ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی زیر صدارت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بتایا گیا کہ پی ایم اینڈ ڈی سی نے میڈیکل کالجوں میں فیملی میڈیسن کے شعبوں کا قیام لازمی قرار دے دیا ہے جبکہ ایم بی بی ایس نصاب میں فیملی میڈیسن کے 75تدریسی گھنٹے بھی شامل کر دیئے گئے ہیں۔ پی ایم اینڈ ڈی سی نے تمام طبی تعلیمی اداروں کیلئے تین آؤٹ ریچ مراکز کے قیام کی شرط بھی عائد کی ہے اور تین سالہ اختیاری ہاؤس جاب روٹیشن پروگرام بھی متعارف کرایا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں نے پی ایم اینڈ ڈی سی کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے کہا کہ فیملی میڈیسن مضبوط، منصفانہ اور قابل رسائی صحت نظام کی بنیاد ہے۔ اس موقع پر پی ایم اینڈ ڈی سی اور عالمی ادارہ صحت نے ملک بھر میں بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مشترکہ تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔