واقعہ کربلا حق و باطل کے معرکے میں ابدی رہنمائی کا سرچشمہ ،مفتی گلزار نعیمی

  واقعہ کربلا حق و باطل کے معرکے میں ابدی رہنمائی کا سرچشمہ ،مفتی گلزار نعیمی

حسینی کردار کا تقاضا ہے کہ انسان فتنوں، گمراہی اور ظلم کیخلاف آواز بلند کرے ،پیامِ کربلا کانفرنس

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )جماعت اہلِ حرم پاکستان کے زیرِ اہتمام جامعہ نعیمیہ اسلام آباد میں پیامِ کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اہلِ حرم پاکستان مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ واقعۂ کربلا حق و باطل کے معرکے میں ابدی رہنمائی کا سرچشمہ اور حق، استقامت، جرأت، ایثار اور قربانی کا لازوال پیغام ہے ، جو ہر دور کے مسلمانوں کو باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا حوصلہ عطا کرتا ہے ۔ حسینی کردار کا تقاضا ہے کہ انسان ہر قسم کے فتنوں، گمراہی اور ظلم کے خلاف بصیرت، حکمت اور جرأت کے ساتھ آواز بلند کرے ۔

انہوں نے زور دیا کہ علماء اور خطباء پر شرعی و اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ کسی خوف، دباؤ یا مصلحت کا شکار ہوئے بغیر منبروں سے حق کا پیغام عام کریں، امت کی صحیح رہنمائی کریں اور سیدنا امام حسینؑ کی عظیم قربانی اور تعلیمات کو نئی نسل تک مؤثر انداز میں پہنچائیں۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سید ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ واقعۂ کربلا ہمیں یہ درس دیتا ہے کہ اہلِ حق موت سے خوف زدہ نہیں ہوتے بلکہ حق، عزت اور آزادی کی خاطر ہر قربانی دینے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ ڈاکٹر عمر ریاض عباسی نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو محض دعووں اور جذبات کے بجائے دین کے اجتماعی تقاضوں کو سمجھتے ہوئے عملی جدوجہد کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ علامہ ڈاکٹر نور حسین، مفتی محمد ہاشم سندھی، حافظ محمد حسین گولڑوی، علامہ مقصود نعیمی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...