ڈینگی کی روک تھام کیلئے ہرممکن اقدامات کرنے کی ہدایت
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ عبدالرحمن کی زیر صدارت اجلاس ،انتظامات کا جائزہ لیا
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایات کی روشنی میں انسدادِ ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ عبدالرحمن خان نے کی۔ اجلاس میں محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، میونسپل اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ضلع بھر میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال، ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس، لاروا کی نشاندہی و تلفی، ہاٹ سپاٹس کی نگرانی اور انسدادِ ڈینگی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انفورسمنٹ عبدالرحمن خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ڈینگی کے حوالے سے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس مزید تیز کی جائے اور ہائی رسک علاقوں میں خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے بعد پانی جمع ہونے والی جگہوں، گھروں، کمرشل مقامات، زیر تعمیر عمارتوں، قبرستانوں، کباڑ خانوں اور دیگر ممکنہ ڈینگی لاروا کی افزائش گاہوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے ۔ لاروا ملنے کی صورت میں فوری طور پر تلفی کے اقدامات کیے جائیں جبکہ انسدادِ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ اور فیلڈ میں مربوط کارروائیاں ناگزیر ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments