پاکستان میں زیتون کی صنعت تیزی سے ترقی کی جانب گامزن
آٹھویں گرینڈ نیشنل اولیو گالا 11سے 13دسمبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوگا
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) پاکستان میں زیتون کی صنعت تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور زرعی شعبے میں تنوع پیدا کرنے، مقامی سطح پر زیتون کے تیل کی پیداوار بڑھانے، کسانوں کی معاشی بہتری اور صحت بخش غذائی رجحانات کو فروغ دینے کیلئے اس شعبے میں نئے امکانات سامنے آرہے ہیں۔ پاکستان اور اٹلی کے درمیان جاری تکنیکی و ترقیاتی تعاون زیتون کی کاشت، جدید پیداواری طریقوں، تیل کی پراسیسنگ، معیار کی بہتری اور صنعت سے وابستہ افراد کی استعداد بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اطالوی ماہر ڈاکٹر فرانسسکو ڈی موسو، صنف موسمیاتی تبدیلی اور کمیونٹی امور کی ماہر ڈاکٹر فوزیہ کنول اور ترقی پسند زیتون کاشتکار و پروڈیوسر سعد بھٹی نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اولیو کلچر سکیل اَپ پروجیکٹ کے تحت منعقدہ ’’زیتون کے فروغ، طبی افادیت اور غذائی اہمیت پر میڈیا ڈائیلاگ‘‘ کے دوران کیا۔ جس پر اطالوی ادارہ CIHEAM Bariعمل درآمد کر رہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان میں زیتون کی کاشت کے فروغ، مقامی سطح پر زیتون کے تیل کی کشید، پراسیسنگ کی استعداد میں اضافے اور پیداواری معیار بہتر بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔ شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ صحت بخش غذائی عادات کے فروغ کیلئے عوامی آگاہی مہمات، مستند غذائی معلومات اور مقامی سطح پر دستیاب معیاری مصنوعات کے استعمال کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ اس موقع پر آٹھویں گرینڈ نیشنل اولیو گالا 2026کے انعقاد کا بھی باضابطہ اعلان کیا گیا، جو 11سے 13دسمبر تک اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ تین روزہ قومی تقریب میں زیتون کے کاشتکاروں، زیتون کے تیل کے پروڈیوسرز، پراسیسنگ سے وابستہ اداروں، کاروباری شخصیات، متعلقہ ماہرین اور صارفین کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments