پولیس پارٹی پر فائرنگ، زیرحراست اشتہاری ملزم زخمی
ٹیم گرفتار ملزم شیر کو مالِ مسروقہ کی برآمدگی کیلئے لے جا رہی تھی،ساتھیوں نے حملہ کردیا
اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد کے علاقے شکرپڑیاں کے قریب پولیس پارٹی پر مسلح ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں زیرحراست اشتہاری ملزم زخمی ہو گیا، تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ تھانہ کوہسار پولیس کی ٹیم گرفتار ملزم شیر علی عرف علی کو اس کی نشاندہی پر مالِ مسروقہ کی برآمدگی کیلئے لے جا رہی تھی کہ تھانہ آبپارہ کی حدود میں شکرپڑیاں کے قریب چھپے ہوئے اس کے مسلح ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ترجمان کے مطابق ملزم کے ساتھیوں نے اسے پولیس حراست سے چھڑانے کی کوشش کی، تاہم فائرنگ کے دوران ملزم شیر علی اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے زخمی ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے جبکہ زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق شیر علی پولیس کو متعدد مقدمات میں مطلوب تھا اور اس کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی موجود ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments