زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ اولین ترجیح ، رانا تنویر
فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے بین الاقوامی تعاون حاصل کریں گے
اسلام آباد (نامہ نگار ) وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کی جدید خطوط پر ترقی، فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور جدید بیجوں کی ٹیکنالوجی متعارف کرانا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، اس مقصد کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے بین الاقوامی زرعی کمپنی سنجینٹا کے اعلی سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں جدید زرعی ٹیکنالوجی، بائیوٹیکنالوجی، زیادہ پیداوار دینے والے بیجوں کے فروغ اور قومی بائیوٹیکنالوجی پالیسی پر عمل درآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ زرعی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے نہ صرف فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ بلکہ کسانوں کی آمدنی بھی بہتر بنائی جا سکتی ہے ۔ جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے شفاف اور سائنسی بنیادوں پر استوار ضابطہ جاتی نظام ضروری ہے ۔اس موقع پر کپاس، مکئی اور گندم کی جدید اور زیادہ پیداوار دینے والی اقسام کے فروغ پر خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ گندم کی پیداوار میں اضافہ قومی غذائی تحفظ کے لیے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے ہائبرڈ گندم کی جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کا خیرمقدم کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments