اسلام آباد لوک میلہ شروع522سٹالز سج گئے،سینکڑوں فنکار،دستکار شریک
6دسمبر تک جاری لوک میلہ میں روزانہ 100فنکار پرفارم کرینگے، محافل موسیقی، قوالی نائٹس، ثقافتی تقریبات شروع لوک میلہ پاکستان کی ثقافتی شناخت، علاقائی تنوع، قومی یکجہتی کا مظہر، وزیر ثقافت اورنگزیب کھچی کا افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) اسلام آباد لوک ورثہ شکر پڑیاں میں لوک میلہ شروع، 522سٹال سج گئے۔ سینکڑوں دستکار، ہنرمند اپنی مصنوعات پیش کر رہے ہیں جبکہ 250سے زائد فنکار میلے میں شریک ہیں، 6دسمبر تک جا ری میلہ میں روزانہ 100سے زائد فنکار اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔ میلے کے دوران موسیقی کی محافل، قوالی نائٹس اور مختلف علاقائی ثقافتی تقریبات بھی منعقد ہوں گی۔ میلے کی تقریبات اور ثقافتی سرگرمیاں لوک ورثہ کے فیس بک چینل پر براہِ راست نشر کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ لوک میلہ پاکستان کی ثقافتی شناخت، علاقائی تنوع اور قومی یکجہتی کا مظہر ہے، جس کے ذریعے ملک بھر کے ہنرمندوں، دستکاروں اور فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی ہدایت اور وزارت کی ترجیحات کے مطابق اس سال میلے کے انتظامات کو گزشتہ برس کے تجربات اور عوامی تجاویز کی روشنی میں مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ سکیورٹی انتظامات مؤثر بنانے اور پارکنگ کے مسائل پر قابو پانے کیلئے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں، میلے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والی سکینہ بی بی کو چادر پوشی کے اعزاز کیلئے منتخب کیا گیا جبکہ گلگت بلتستان کے نثار علی کو بہترین فنکار کے طور پر دستار پہنائی گئی۔ وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے کہا موجودہ دور میں نئی نسل کو اپنی ثقافتی جڑوں سے جوڑنا انتہائی ضروری ہے۔ وفاقی سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی نے کہا اس سال میلے کے انتظامات میں بہتری لائی گئی ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر وقاص سلیم نے بتایا کہ رواں سال لوک میلہ میں 522سٹالز قائم کیے گئے ہیں۔ تقریب میں چیئرپرسن قائمہ کمیٹی فرح ناز اکبر، پارلیمانی سیکرٹری، وفاقی سیکرٹری اسد رحمان گیلانی، وزیر مملکت حذیفہ رحمان، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوک ورثہ ڈاکٹر وقاص سلیم، متعلقہ وزارت کے اعلیٰ حکام اور دیگر معزز شخصیات اور چین، ترکیہ، انڈونیشیا، ازبکستان، بنگلہ دیش اور نیپال کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments