تاریخی ورثے عمارتوں اورپلازوں سے زیادہ اہم ، گورنر

تاریخی ورثے عمارتوں اورپلازوں سے زیادہ اہم ، گورنر

فنکار اور مصورہماری ثقافت کا سرمایہ ، انہیں معمولی نہ سمجھاجائے ،نہال ہاشمیعابد ایس مستی کی تصویری نمائش کا افتتاح، قدرتی حسن کو محفوظ بنانے پر زور

کراچی(اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل کے زیرِ اہتمام احمد پرویز آرٹ گیلری میں معروف فوٹوگرافر عابد ایس مستی خان کی تصاویر پر مبنی نمائش کا افتتاح مہمانِ خصوصی گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی، معروف مصور شاہد رسام، فوٹوگرافر عابد ایس مستی خان اور فن و ثقافت سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ سید نہال ہاشمی نے کہا کہ سندھ کی ثقافت اور تاریخی ورثہ کسی بھی عمارت یا پلازے سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے ۔ ہمیں دبئی کی مثال دینے کے بجائے اپنی ثقافت اور تہذیب کو محفوظ بنانا چاہیے ۔ لالچ اور تجارتی مفادات کے باعث قیمتی عمارتوں اور تاریخی مقامات کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ، ہمیں اس رویے کا جائزہ لینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فنکار، مصور اور دستکار ہماری ثقافت کا اہم سرمایہ ہیں، انہیں معمولی نہیں سمجھنا چاہیے ۔ کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں کی ثقافت اور قدرتی حسن کو تصویروں کے ذریعے محفوظ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے عابد ایس مستی خان کو اپنی یہ کوشش جاری رکھنے کی تلقین بھی کی۔اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ عابد ایس مستی خان نے اپنے فن کے ذریعے ایک خوبصورت روایت کو آگے بڑھایا ہے ۔فوٹوگرافر عابد ایس مستی خان نے گورنر سندھ سے اپیل کی کہ وہ تاریخی ورثے اور قدرتی مقامات کے تحفظ پر خصوصی توجہ دیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...