چینی ماہرین زراعت ، وہاڑی چیمبرکا تعاون پر اتفاق

چینی ماہرین زراعت ، وہاڑی چیمبرکا تعاون پر اتفاق

باہمی زرعی تجارت، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال

وہاڑی (نمائندہ خصوصی) وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون سے پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور زرعی و زرعی کیمیائی شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے لیے چینی ماہرین زراعت کے وفد نے نجی زرعی کمپنی کے ہیڈ آفس اور گودام کا دورہ کیا۔ وفد کا استقبال ممبر وہاڑی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نفیس انٹرپرینیور محمد شاہد فضل چوہدری نے کیا۔اس موقع پر چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد آصف چوہدری، ممبر میاں اویس خورشید اور ماہر زراعت و ممبر جمخانہ کلب شاہد چوہدری بھی موجود تھے ۔ چینی وفد میں لی فئی، منیجر انٹرنیشنل مارکیٹنگ، لی جیا، منیجر انٹرنیشنل ٹریڈ برائے انڈونیشیا و ویتنام، اور ژانگ شیو، منیجر انٹرنیشنل ٹریڈ برائے پاکستان شامل تھیں۔ وفد کا تعلق چین کے معروف ادارے سے تھا جو زرعی ادویات، حشرات کش، پھپھوند کش اور دواسازی کی مصنوعات تیار کرتا ہے ۔ملاقات کے دوران فصلوں کے تحفظ کے جدید طریقوں، زرعی کیمیکلز کے مؤثر استعمال، جدید زرعی ٹیکنالوجی اور ضلع وہاڑی کی کاروباری و زرعی برادری کے لیے ممکنہ سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی وفد نے محمد شاہد فضل چوہدری کے ساتھ گزشتہ 20 سال سے زائد عرصے پر محیط دیرینہ کاروباری تعلقات کو سراہتے ہوئے شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔اس موقع پر سینئر نائب صدر چیمبر محمد آصف چوہدری نے کہا کہ یہ ملاقات بین الاقوامی تجارت کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کی منتقلی، کاروباری اداروں کے درمیان شراکت داری اور پاکستان و چین کے زرعی و صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...