سندھ میں کیا کچھ ہو رہا ، ہمیں سب معلوم ، نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر ڈال دیتے ہیں ، ہائیکورٹ
حکومت جس پر مہربان ہوتی تو سب کچھ نچھاور کردیتی ہے ، پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں کہ کیسے نااہل افسران بٹھائے ہوئے ہیں، ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں پر اظہار برہمی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف درخواستوں کی سماعت کے دوران سندھ حکومت اور کے ایم سی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکم امتناع میں 4 دسمبر تک توسیع کردی، عدالت نے آئندہ سماعت تک ٹینڈرز اور بولیوں کا عمل روکنے کا حکم برقرار رکھا۔ سندھ ہائیکورٹ میں درخواستوں کی سماعت کے دوران کے ایم سی اور دیگر فریقین نے اپنے جوابات جمع کرادیے ۔ کے ایم سی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ حکم امتناع کے باعث تمام کام رکے ہوئے ہیں اور کام بند ہونے سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ عدالت نے سندھ حکومت اور کے ایم سی پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کام رکنے کے ذمہ دار بھی آپ خود ہیں۔ جسٹس محمد سلیم جیسر نے کہا کہ سندھ میں کیا کچھ ہورہا ہے۔
ہمیں سب معلوم ہے ، شفافیت سے خود کچھ نہیں کرتے اور پھر عدالتوں کو برا بھلا کہتے ہیں۔ جسٹس محمد سلیم جیسر نے ریمارکس دیے کہ اپنی نااہلی کا بوجھ عدالتوں پر ڈال دیتے ہیں، حکومت جس پر مہربان ہوتی ہے تو سب کچھ نچھاور کردیتی ہے اور جس کے خلاف ہوتی ہے اس کے لیے کچھ نہیں کرتی۔ عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں کہ کیسے نااہل افسران بٹھائے ہوئے ہیں، اس طرح اپنا بھی وقت ضائع کرتے ہیں اور عدالتوں کا بھی، افسران کو کہیں پہلے اپنا قبلہ درست کریں۔ عدالت نے درخواست گزار کو جواب الجواب جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے حکم امتناع میں 4 دسمبر تک توسیع کردی، جبکہ آئندہ سماعت تک سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈرز اور بولیوں کے عمل پر حکم امتناع برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments