زکریا یونیورسٹی :ملازمین اور افسروں کادوسرے روز بھی احتجاج
ایڈمن بلاک سیل، دفتری امور کا مکمل بائیکاٹ، مطالبات کی منظوری تک دھرنا
ملتان (خصوصی رپورٹر)بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں ملازمین اور افسروں کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا۔ مظاہرین نے دفتری امور کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے ایڈمن بلاک سیل کردیا اور وہاں دھرنا دے دیا، جس کے باعث یونیورسٹی کی انتظامی سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں اور مختلف دفتری امور تعطل کا شکار ہوگئے ۔احتجاجی دھرنے میں ایمپلائز ایسوسی ایشن اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سمیت ملازمین اور افسروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایمپلائز ایسوسی ایشن کے صدر ملک صفدر حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی ملازمین کے مسائل مسلسل نظرانداز کئے جا رہے ہیں، جس سے ان میں تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے ۔ ملازمین یونیورسٹی کے انتظامی اور تدریسی نظام کو چلانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود ان کے جائز مطالبات پر توجہ نہ دینا افسوسناک ہے ۔ انتظامیہ کو مسائل کے حل کے لئے فوری اور سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری رانا مدثر مشتاق نے کہا کہ ملازمین اپنے حقوق کے حصول کے لئے متحد ہیں اور مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments