فیصل آباد میں صفائی کے ناقص انتظامات پر ڈپٹی کمشنر برہم

فیصل آباد میں صفائی کے ناقص انتظامات پر ڈپٹی کمشنر برہم

ڈپٹی کمشنر نے صفائی کی صورتحال، افرادی قوت اور مشینری کی کارکردگی کا جائزہ لیا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت فیصل آباد کو صاف ستھرا بنانے اور شہریوں کو صفائی کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کی صورتحال، افرادی قوت اور مشینری کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز انور علی کانجو، ڈی جی ستھرا پنجاب ایجنسی عمران شمس، اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل شہزاد، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ذوالفقار علی، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن عثمان غنی سمیت دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز سٹی، سمندری، تاندلیانوالہ اور چک جھمرہ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نے صفائی کے مطلوبہ معیار کے حصول میں ناکامی اور عوامی توقعات پر پورا نہ اترنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کو صاف ستھرا بنانے کے لیے محض اجلاس اور کاغذی کارروائیاں کافی نہیں، بلکہ فیلڈ میں عملی اقدامات اور واضح نتائج نظر آنے چاہئیں۔ شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور کسی بھی علاقے میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر نظر نہیں آنے چاہئیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کے نظام میں بہتری کے لیے مشینری اور افرادی قوت کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور ضرورت کے مطابق مزید عملہ اور مشینری فراہم کی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، تعلیمی اداروں، پارکس اور اہم عوامی مقامات کے اطراف صفائی اور خوبصورتی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...