ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز، سرکاری اثاثوں کے تحفظ کا حکم
ڈی سی وہاڑی کا اجلاس، سڑکوں کی تعمیراور یوتھ گیمز کی تیاریوں کا جائزہ
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے ، تعمیراتی کاموں کا معیار برقرار رکھنے اور سرکاری اثاثوں کو ناجائز قبضوں سے محفوظ بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ ان کی زیرصدارت ترقیاتی سکیموں، وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز اور اثاثہ جات مینجمنٹ اتھارٹی کے الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے ، جن میں جاری منصوبوں کی پیش رفت، سرکاری املاک کے ریکارڈ اور کھیلوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رتہ ٹبہ تا میاں پکھی موڑ 13 کلومیٹر سڑک کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے جبکہ میاں پکھی تا چک نمبر 198 ای بی روڈ، بورے والا میں ڈی ایم روڈ تا معصوم شاہ لنک روڈ اور میلسی میں ریلوے کراسنگ تا اے ڈی ایل جی آفس سڑک کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ٹبہ سلطان پور، جلہ جیم، کرم پور اور فدا ڈسپوزل ورکس کی سولرائزیشن کا کام بھی تیز کرنے کی ہدایت کی۔اثاثہ جات مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں سرکاری اراضی اور غیر استعمال شدہ املاک کی نشاندہی، ریکارڈ کی تکمیل، مارکیٹ ویلیو کے تعین اور ناجائز قبضے ختم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سرکاری اثاثوں کا ریکارڈ اپ ڈیٹ کرنے اور ان کے شفاف و قانونی استعمال کے لیے جامع تجاویز تیار کرنے کی ہدایت کی۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب یوتھ گیمز کے حوالے سے رجسٹریشن کے اہداف اور کھیلوں کے شیڈول پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے نوجوانوں کی بھرپور شرکت یقینی بنانے اور مقابلوں کے لیے انتظامی و سیکیورٹی انتظامات بروقت مکمل کرنے کا حکم دیا۔ اجلاسوں میں متعلقہ ضلعی افسران نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments