اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی،سموگ کے تدارک کیلئے مئو ثر اقدامات کا فیصلہ
چیف کمشنر کی زیرصدارت اجلاس، سموگ کیخلاف مؤثر حکمت عملی کیلئے سی ڈی اے اور نسٹ میں معاہدہماحولیاتی بہتری، تحقیقی منصوبوں کیلئے خصوصی فنڈ بھی قائم کیا جائیگا، ماحولیاتی تحفظ یقینی بنائینگے، سہیل اشرف
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد میں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کیلئے مؤثر اقداما ت کرنیکا فیصلہ کیاگیا ہے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے اجلاس ہوا جس میں سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے سی ڈی اے اور نسٹ یونیورسٹی کے درمیان ایم او یو سائن کیاگیا جس کا بنیادی مقصد ماحولیاتی تحفظ کیلئے تحقیقی و ترقیاتی کاموں کو فروغ دینا اور سموگ کے خلاف موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سموگ کے خاتمے، ماحولیاتی بہتری اور تحقیقی و ترقیاتی منصوبوں کیلئے خصوصی فنڈ بھی قائم کیا جائیگا۔ اس سلسلے میں نسٹ یونیورسٹی اور انوائرنمنٹ ونگ پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کمیٹی بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا اور نئی تعمیر ہونے والی تمام سڑکوں کے ڈیزائن میں پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کا عزم کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا کہ اسلام آباد میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پایا جاسکے۔ فضلہ جلانے والے مقامات کی نشاندہی کرکے قانونی کارروائی کی جائیگی، اسی طرح موبائل ایپس کے ذریعے سموگ الرٹس بھی جاری کیے جائینگے جبکہ سیکٹر I-9اور I-10میں انڈسٹریل یونٹس کے کیمروں کی نگرانی کو یقینی بنایا جائیگا۔ چیئرمین نے مزید کہا کہ شہریوں کیلئے صاف ستھرا ماحول اور ماحولیاتی تحفظ ہماری اہم ذمہ داری ہے اور ہم اسے ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments