ٹریفک پولیس چالان مہم میں مصروف ، شہری پریشان

 ٹریفک پولیس چالان مہم میں مصروف ، شہری پریشان

اہم مقامات پر ناکہ بندی ،ہر آ نے جانے والی گاڑی کا چالان کیا جانے لگا ، شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں ، عوام میں شدید غم و غصہ ، پو لیس ذمہ داری ادا کرے :شہری

فیصل آباد (عبدالباسط سے )سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر بھر میں نظام ٹریفک کو بہتر اور محفوظ بنانے اور شہریوں کو درپیش مسائل کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی بجائے تمام تر توجہ ٹریفک چالان مہم پر مرکوز کر دی گئی ہے ۔ شہر کے مختلف چوک چوراہوں، مرکزی شاہراہوں اور اہم مقامات پر ناکہ بندی پوائنٹس قائم کرکے ہر آنے جانے والی گاڑی کو روک کر چالان کیے جانے لگے ہیں، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات نہ ہونے کے باعث شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں معمول بن گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں ایک کروڑ سے زائد آبادی کے باعث کاروں، موٹر سائیکلوں، رکشوں اور دیگر گاڑیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، تاہم بڑھتی ہوئی ٹریفک کو کنٹرول کرنے اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ فیلڈ میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے ٹریفک اہلکاروں کو یومیہ فی کس کم از کم 20 چالان کرنے کا ہدف دیا گیا ہے۔

جبکہ مقررہ تعداد سے کم چالان کرنے پر مبینہ طور پر محکمانہ کارروائی بھی کی جاتی ہے ۔اسی دباؤ کے باعث ٹریفک اہلکار مختلف شاہراہوں پر ناکے لگا کر شہریوں کو روکنے اور چالان کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ شہریوں کا الزام ہے کہ بعض اوقات ضروری دستاویزات اور کوائف مکمل ہونے کے باوجود ان کی گاڑیوں کے بھاری مالیت کے چالان کر دیے جاتے ہیں، جس سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث پہلے ہی دو وقت کی روٹی کا انتظام مشکل ہو چکا ہے ، ایسے میں بھاری جرمانے ان کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔ بعض شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ چالان سے استثنیٰ کی درخواست کرنے پر انہیں مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور مقدمات بھی درج کروا دیے جاتے ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ ٹریفک پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر ضروری اور بلاجواز چالانوں کا سلسلہ روکا جائے ، اہلکاروں کو چالان اہداف دینے کی بجائے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ذمہ داریاں سونپی جائیں اور شہر میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...