فائرنگ اور دیگر واقعات میں 10افراد جاں بحق , 12زخمی

فائرنگ اور دیگر واقعات میں 10افراد جاں بحق , 12زخمی

نوڈیرو کے گاؤں راہوجہ میں دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار میں بیٹھے اسلم چانڈیو اور گل شیرچانڈیو کو فائرنگ کر کے قتل کردیا گاؤں بخشن خان بڑدی میں لین دین کے تنازع پر غلام محمد ہلاک،جامشورو میںبھائی نے 18سالہ بہن کو گردن توڑ کر جان سے مار ڈالا

نوڈیرو، اندرون سندھ (نمائندگان دنیا) اندرون سندھ فائرنگ اور دیگر واقعات میں 10افراد جاں بحق اور 12زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق نوڈیرو کے تھانے کے ٹی ممتاز کی حدود گاؤں راہوجہ میں دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار میں بیٹھے اسلم عرف اسلو چانڈیو اور کار ڈرائیور گل شیرچانڈیو کو فائرنگ کر کے قتل کردیا ، دونوں مقتولین کا تعلق لاڑکانہ کے نواحی گاؤں سامیٹہ چانڈیو سے تھا، دونوں اپنے دوست کے بیٹے کی شادی میں شرکت کرنے کے لیے جہان خان کھکھرانی آئے ہوئے تھے اور واپس اپنے گاؤں جا رہے تھے کہ راستے میں ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی، پولیس نے پہنچ کر دونوں لاشوں کو نوڈیرو اسپتال پہنچایا، جہاں سے پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں، میڈیا سے گفتگو میں مقتولین کے رشتے دار وسیم چانڈیو اور انصاف چانڈیو نے کہا کہ ہماری ناریجو، جتوئی اور دیگر قبیلوں سے دشمنی چل رہی ہے ، مقتول اسلم عرف اسلو چانڈیو کچھ روز قبل جیل سے رہا ہوا تھا۔خیرپور کے تھانے کنب کی حدود گاؤں بخشن خان بڑدی میں لین دین کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 35سالہ غلام محمد موقع پرہلاک ہو گیا، علاقے میں فائرنگ سے خوف وہراس پھیل گیا اور بڑدی برادری کے دونوں گروپ مورچہ بند ہو گئے ، اطلاع ملنے پر پولیس نے لاش اسپتال منتقل کی ، پوسٹ مارٹم کے بعدلاش ورثا کے حوالے کردی گئی ہے ، پولیس کے مطابق گاؤں علی خان کا اپنے بھتیجے سکندر بڑدی سے لین دین پر جھگڑا چل رہا تھا ،پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے ۔ کنب ٹاؤن کے دستگیر محلے میں 12سالہ بچی بھاگل کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئی ، بچی گھر میں بجلی کا بٹن آن کر رہی تھی کہ ان کو کرنٹ لگ گیا اور وہ موقع پر چل بسی۔جامشورو میں تھانہ عارب خان کی حدود گاؤں منگیلدھو پنہور میں 18 سالہ لڑکی کو بھائی نے گردن توڑ کر مار ڈالا اور پولیس کو اطلاع دی کہ لڑکی نے خودکشی کی ہے ، پولیس نے لڑکی کی لاش بلاول میڈیکل اسپتال کوٹری منتقل کی ، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ لڑکی نے خودکشی نہیں کی بلکہ اس کی گردن توڑ کر بعد میں زہر پلانے کی کوشش کی گئی ہے جس پر پولیس نے مقتولہ کے بھائی مشتاق پنہور کو گرفتار کرلیا ، ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنی بہن کو شک کی بنیاد پر قتل کیا ہے ۔گاؤں وریام گبول میں 35سالہ رمضان گبول کو گھر کے باہر گولیاں مار کر قتل کردیا گیا ، پولیس نے مقتول کے بھائی گل بیگ کی مدعیت میں چار ملزمان عبدالرزاق، سائیں بخش، بچل اور صابو گبول کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔میرپورخاص کے علاقے سمن گوٹھ میں 23سالہ غازی بجلی کے پول پر چڑھ گیا اور کرنٹ لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا ، متوفی کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔گوٹھ جان محمد جونیجو کے رہائشی 16سالہ ساجن کی لاش جمڑاؤکینال سے ملی ہے ، علاقے کے لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی ،پولیس نے لاش اسپتال منتقل کی۔سکھر کے علاقے بائی پاس کے قریب عارف بلڈر ٹاؤن شپ میں نوجوان تنویر بجلی کے کام کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا ۔روہڑی کے قریب عمرانی برادری کے دو گروہوں میں اراضی کے تنازع پر تصادم ہوگیا ، اس دوران لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا ، جس کے نتیجے میں دونوں گروہوں کے 11 افراد شدید زخمی ہو گئے ، جنہیں تعلقہ اسپتال روہڑی پہنچایا گیا ۔ نوشہروفیروز کے قریب قومی شاہراہ پر تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ارشاد خاصخیلی موقع پر جاں بحق ہوگیا اور اس کا ساتھی نثار احمد پٹھان شدید زخمی ہوگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں