خیرپورمیں پریمی جوڑے کا 7سال بعد سفاکانہ قتل
موٹرسائیکل پر جانیوالے 22سالہ گلبہار اور 20سالہ صاحبہ پر کارسواروں نے فائرنگ کی وارہ اور گنداواہ میں دو افراد قتل، محراب پور میں کرنٹ لگنے سے چرواہا اپنی جان سے گیا
خیرپور،اندرون سندھ(نمائندگان دنیا)خیرپور میں کار سوار مسلح افراد سات سال قبل پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کرکے فرار ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور کے پہاڑی علاقے ابھن شاہ کے قریب کار میں سوار مسلح افراد نے فائرنگ کر کے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے 22سالہ گلبہار چنو اور 20سالہ مسماۃ صاحبہ چنو کو قتل کر دیا۔ مقتول جوڑا کوٹ بنگلو سے موٹر سائیکل پر چونڈکو کی طرف جا رہا تھا کہ راستے میں گھات لگائے مسلح افراد نے ان پر فائر کھول کر ان کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔بتایا گیا ہے کہ گل بہار چنو نے 7 سال قبل مسماۃ صاحبہ کے ساتھ پسند کی شادی کی تھی اور دونوں کے چار بچے ہیں۔ پسند کی شادی کرنے کے بعد دونوں میاں بیوی تحصیل نارا کے دیہہ سائدو میں رہتے تھے ۔ واقعے کی اطلاع پر سوراھ پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر جوڑے کی لاشیں اٹھا کر اسپتال پہنچائیں۔ پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں ۔دریں اثنا تین روز قبل خیرپو رسے لاپتا ہونے والے 18سالہ نوجوان مقصود اجن کی لاش بوزدار وڈا کے قریب میرواہ کینال سے ملی جبکہ کچے کے علاقے گوٹھ بکھو ڈرگھ میں نوجوان امیر علی ڈرگھ کو نامعلوم افراد نے قتل کر کے اس کی لاش محبوب کلہوڑو تھانے کی حدو دمیں پھینک دی۔ لاش پر تشدد کے واضح نشانات ہیں۔ فیض گنج کے علاقے کرونڈی میں 10سالہ بچہ نصیب اللہ منگی ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے ہلاک ہو گیا ۔کوٹ ڈیجی کے قریب ٹنڈو شاہ کے مقام پر 10سالہ بچی فرزانہ میرواہ کینال نہر میں پیر پھسلنے کے باعث گر کر ڈوب گئی ۔بعد ازاں علاقے کے غوطہ خوروں اور بچی کے رشتے داروں نے بچی کی لاش نہر سے نکالنے کی کوشش کی تاہم بچی کی لاش نہیں ملی جس کی تلاش جاری ہے ۔وارہ سے نمائندے کے مطابق چانڈیا برادری کے دو گروپوں میں دیرینہ تنازع پر تصادم کے دوران فائرنگ کے دوران گولیاں لگنے سے تیس سالہ مختار چانڈیو ہلاک ہوگیا ۔ گنداواہ سے نمائندے کے مطابق گنداواہ کے نواحی علاقے گوٹھ بپڑ میںمہمان نے گھر کے مالک محمد ملکوک کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر دو خواتین زخمی ہو گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی گنداواہ پولیس جائے وقوع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے لیے ضلعی ہیڈ کوارٹر اسپتال گنداواہ لے آئی جسے ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا جبکہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ قتل کی وجہ معلوم نہ ہو سکی ۔محراب پورمیں دربیلو پولیس تھانے کی حدود گائوں مراد سہاگ میں مویشی چرانے والا چرواہالیاقت علی سہاگ بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا،پولیس کے مطابق لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیاجہاں سے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا حوالے کردی گئی۔ کوٹ غلام محمد کے قریب یوسی خداداد میں 8 سالہ بچہ راحیل ولد سرور کبھارگھر پر موجود پانی کی ٹینکی میں کھیلتے ہوئے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا ۔ میرپورخاص سے نمائندے کے مطابق میرپورخاص کے علاقے گئو شالا میں ٹھیلے کے آگے موٹر سائیکل کھڑی کر نے کے معاملے پر ملک برادری اور قریشی برادری کے افراد میں جھگڑا ہو گیا جس میں ڈنڈوں اور چھریوں کے وار سے ملک برادری کے ملک اقبال اور ملک مصطفی اور قریشی برادری کے دانش قریشی اور جاوید قریشی زخمی ہو گئے جن میں سے ملک اقبال کو نازک حالت میں حیدر آباد منتقل کر دیا گیا ہے ۔کھپرو کے قریبی گاؤں ڈھلیار میں قادر بخش ھنگورجو افطاری کی خریداری کررہا تھا کہ ڈھلیار کے رہائشی فاضل شر بھی خریداری کے بہانے آگیا اور بدتمیزی کرنے لگا جس پر قادر بخش ھنگورجو اورفاضل شر میں ہاتھاپائی ہوگئی جس میں قادر بخش ھنگورجو زخمی ہوگیا۔واقعے کی اطلاع پر ھنگورجو برادری کے افراد شہر آرہے تھے کہ پہلے سے گھات لگائے شر برادری کے دس سے پندرہ افراد نے ان پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں کلہاڑیاں اور ڈنڈے لگنے سے ھنگورجو برادری کے چار افراد زخمی ہوگئے۔ کھپرو پولیس نے فاضل شر کو گرفتار کر لیا ہے ۔