جانثاران مصطفی ؐ کا سفر کبھی نہیں رک سکتا، ثروت قادری
اسلام کی سربلندی اور ملک کی سلامتی کیلئے ہرقسم کی قربانی دینے کو تیا رہیں ،دہشت گردی کے خلاف فوج،رینجرز،پولیس کی قربانیوں پر فخر ہے،کانفرنس
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ جانثاران مصطفی ؐ کا سفر کبھی بھی نہیں رک سکتا، اسلام کی سربلندی اور ملک کی سلامتی کیلئے ہرقسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر پارک میں عظیم الشان جانثاران مصطفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر مذہبی امور پنجاب سید سعید الرحمن، حاجی حنیف طیب، پیر غلام رضوانی شاہ جیلانی، الحاج گلشن الٰہی، مولانا ابرار رحمانی، مرکزی رہنما شاداب رضا نقشبندی، پنجاب کے صدر ڈاکٹر حافظ شاہد، سندھ کے صدر نور احمد قاسمی،بلوچستان کے صدر محمد علی بلوچ، آزاد کشمیر کے صدر قاضی سہیل قریشی نے بھی خطاب کیا۔ ثروت قادری نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اور ملک کی سلامتی کیلئے پاک فوج، رینجرز، پولیس وسول سوسائٹی کی قربانیوں پر فخر ہے، شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کا سب سے بڑا شہر اور ملک کا معاشی حب کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے،کراچی پر سیاست پر سیاست کی گئی، مسائل کے حل کیلئے کام نہیں کیا گیا، پارلیمنٹ ارب پتی لوگوں کا کلب بن چکا ہے، جو غریبوں کے مسائل اور مشکلات کا کبھی ادراک نہیں کر سکتا، جمہوریت کے نام پر عوام کو مسلسل بے وقوف بنا نے کی کوشش کی جا رہی ہے۔