فیوچر موڑ ہائیڈرنٹ 20گھنٹے چلنے لگا،مکین پانی کو ترس گئے

فیوچر موڑ ہائیڈرنٹ 20گھنٹے چلنے لگا،مکین پانی کو ترس گئے

احتجاج رائیگاں، ہائیڈرنٹ انتظامیہ کے خلاف مقدمہ کی درخواست جمع کرادی گئی

کراچی (رپورٹ: آغا طارق) واٹر بورڈ کے فیوچر موڑ ہائیڈرنٹ کے خلاف مکینوں اور منتخب نمائندوں کا احتجاج کام نہ آ سکا، انتظامیہ 10 گھنٹے کے بجائے 18 سے 20 گھنٹے ہائیڈرنٹ چلانے لگی،جس سے کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی اور شہری بوند بوند پانی کو ترسنے لگے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے ہائیڈرنٹ انتظامیہ اور واٹر بورڈ افسران کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لئے تھانے میں درخواست جمع کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق واٹر بورڈ کے فیوچر موڑ ہائیڈرنٹ سے متعلق گزشتہ ایک سال سے مکینوں اور منتخب نمائندوں کی جانب سے واٹر بورڈ انتظامیہ اور ہائیڈرنٹ مافیا کے خلاف کیا گیا، جو احتجاج کارگر ثابت نہ ہو سکا، واٹر بورڈ انتظامیہ نے ہائیڈرنٹ مافیا سے ملی بھگت کرکے ہائیڈرنٹ چلانے کے لئے سرکاری طور پر دیا گیا 10 گھنٹے کا وقت 18 سے 20 گھنٹے کردیا ہے ، جس کی وجہ سے اسماعیل گوٹھ، ہاشم گوٹھ ، جمالی گوٹھ، اللہ داد گوٹھ، مانسہرہ کالونی اور اطراف کے دیگر علاقوں میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور وہاں کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ اس سلسلے میں واٹر بورڈ انتظامیہ اور ہائیڈرنٹ مافیا کے خلاف وہاں کے رہائشی فیاض احمد پنہور نے مقدمہ درج کرانے کے لئے شرافی گوٹھ تھانے میں درخواست جمع کرا دی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں