کسٹم وئیر ہاؤس سے 17 کنسائنمنٹ غائب

کسٹم وئیر ہاؤس سے 17 کنسائنمنٹ غائب

تین کمپنیوں اور ان کے کلیئرنگ ایجنٹس کے خلاف مقدمہ درج ،کنسائنمنٹ کی مختلف اشیاء پر ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی ٹیکس ڈیوٹی چوری کی گئی،گوداموں سے کروڑوں روپے مالیت کے سامان کی چوری کا سلسلہ برقرار،سامان کی چوری میں ملوث کسٹم اہلکاروں سے تحقیقات جاری ہیں

کراچی(رپورٹ:نادر خان)کسٹم کے ویئر ہاؤسز سے اسمگل شدہ اور درآمدی سامان ڈیوٹی ادا کئے بغیر نکالنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے ،پورٹ قاسم کلکٹریٹ کے ویئر ہاؤس سے 17کنسائنمنٹ غائب ہونے پر تین کمپنیوں اور ان کے کلیئرنگ ایجنٹ کے خلاف مقدمہ درج ،17کنسائنمنٹس کی مختلف اشیاء پر ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی ٹیکس ڈیوٹی چوری کی گئی ،کسٹم پریوینٹو کے ویئر ہاؤس سے اسمگل شدہ سامان کی چوری میں ملوث کسٹم اہلکاروں سے تحقیقات جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق کسٹم کے ویئر ہاؤسز سے اسمگل شدہ سامان اور درآمدی سامان کی چوری میں ملوث کسٹم حکام کے خلاف تادیبی کارروائیوں کے بجائے انہیں سہولت کاری فراہم کرنے کے نتیجے میں کسٹم اپریزمنٹ ساؤتھ کے ماتحت آنے والے کسٹم اپریزمنٹ ایسٹ ،ویسٹ اور پورٹ قاسم کلکٹریٹ جب کہ کسٹم پریوینٹو کے شعبہ اے ایس او ، کسٹم انٹیلی جنس کے ماتحت گوداموں سے کروڑوں روپے مالیت کے سامان کی چوری کا سلسلہ بدستور برقرار ہے جس سے قومی خزانے کو ماہانہ کروڑوں کا نقصان اٹھانا پڑرہا ہے ۔واضح رہے کہ پورٹ قاسم کلکٹریٹ کے شعبہ سی آئی یو کے ماتحت آنے والے ویئر ہاؤس سے غیر قانونی طریقے سے سامان نکالنے کا معاملہ سامنے آگیا جسے ویئر ہاؤس پر تعینات عملے کی مدد سے بغیر انٹری کے گودام سے باہر نکالا گیا ۔کسٹم حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے ویئر ہاؤس سے 17مختلف کنسائنمنٹس کی مختلف اشیاء غائب ہوئی ہیں جن کا تخمینہ ڈھائی کروڑ کے لگ بھگ ہے اور ان اشیاء پر تقریباً ڈیڑھ کروڑ سے زائد کی ٹیکس ڈیوٹی بھی چوری کی گئی ، معاملہ سامنے آنے پر پورٹ قاسم کسٹم حکام نے اس چوری میں ملوث تین کمپنیوں کے مالکان کے ساتھ اشیاکو کلیئر کرانے والے کلیئرنگ ایجنٹ کے خلاف مقدمے کا اندراج کرلیا ہے جب کہ پورٹ قاسم کلکٹریٹ میں موجود تمام گوداموں کی ازسرنوجانچ پڑتال سے متعلق ایک تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے ۔دوسری جانب کسٹم پریوینٹو کے ویئر ہاؤس سے سامان چوری کرنے میں ملوث کسٹم اہلکاروں کے خلاف جیکسن تھانے کے تفتیشی افسر اور کسٹم کے ایڈیشنل کلکٹر کی سربراہی میں علیحدہ علیحدہ تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے اور کسٹم پریوینٹو کی ٹیم نے گزشتہ روز 9افراد کو حراست میں لیا تھا جن کے بیانات قلمبند کر لئے گئے ہیں۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹم حکام نے سوشل میڈیا پر سامان چوری ہونے کی ویڈیو وائرل ہونے پر مقدمے کا اندراج کرایا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں