اسٹوڈیوز اور سنیما ہاؤسز کی رونقیں جلد بحال ہو جائیں گی، گورنر سندھ

اسٹوڈیوز اور سنیما ہاؤسز کی رونقیں جلد بحال ہو جائیں گی، گورنر سندھ

وفاقی حکومت خصوصی توجہ دے رہی، فلم سازوں کو نیا ٹیلنٹ آگے لانے کے لئے لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا، عمران اسماعیل، بین الاقوامی فلمی میلے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا بھی خطاب

کراچی (رپورٹ: مرزا افتخار بیگ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، بالی ووڈ سے بہتر فلمیں بنائی گئی ہیں، ہمارے فنکاروں کو بھارتی فلم انڈسٹری میں موقع اس بنیاد پر دیا گیا کہ انہوں نے اپنی خداداد صلاحیتوں کی بنا پر بھارتی فنکاروں کے مقابلے میں بہتر کام کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بین الاقوامی فلمی میلے ’’میٹ اینڈ گریٹ‘‘ میں روزنامہ دنیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں عمدہ فلمیں بنتی رہیں، بحرانی دور نے فلم انڈسٹری کو تباہ کردیا تھا، اب نئی نسل جدید ٹیکنالوجی اور میڈیا سائنس کی تعلیم حاصل کرکے عمدہ کام کر رہی ہے، کورونا وبا نے ان کی کوششوں کو روک دیا ہے، وفاقی حکومت اس جانب خصوصی توجہ دے رہی ہے، سنیما ہاؤسز بند اور اسٹوڈیو ویران ہیں، لیکن بہت جلد ان کی رونقیں بحال ہو جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فلم فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے، ملکی و غیر ملکی لوگوں کی اس میں دلچسپی دیکھ کر خوشی ہوئی ہے، نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لئے فلمسازوں کو لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا۔ ادھر فلمی میلے سے خطاب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ صادقین بننے کے لئے جو عشق وجذبہ چاہیے وہ ہر شخص کے پاس نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت فلمی صنعت کی بحالی کے لئے جلد پالیسی کا اجراکرے گی۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر جاوید جبار، سدرہ اقبال، مصباح خالد، درید صدیقی، فضا مرزا، سلطانہ صدیقی و دیگر بھی موجود تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں