کراچی میں 700یونین کمیٹیاں بنائی جائیں ،حافظ نعیم

کراچی میں 700یونین کمیٹیاں بنائی جائیں ،حافظ نعیم

عوام کے حقوق کیلئے اب دھرنا وزیر اعلیٰ ہاؤس پرہوگا،امیر جماعت اسلامی کراچی،جعلی ڈومیسائل کے ذریعے نوجوانوں کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیا جائے گا، خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک ہیڈ آفس کے سامنے احتجاجی دھرنے کے شرکا سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 30سال سے سندھ پر حکومت کررہی ہے ، کراچی کے شہریوں کے ساتھ ظلم و زیادتی،ناانصافی اور حق تلفی میں پیپلزپارٹی اور صوبائی حکومت برابر کی شریک ہے ، کے الیکٹرک سے نجات سمیت کراچی کے تین کروڑ سے زائد عوام کے جائز و قانونی حقوق اور بلدیاتی مسائل کے حل کے لیے اب ہمارا دھرنا وزیر اعلیٰ ہاؤس پر ہوگا ہم اہل کراچی کی مزید حق تلفی نہیں ہونے دیں گے ، وزیر اعلیٰ ہاؤس پر دھرنے میں صوبائی حکومت سے پوچھیں گے کہ کراچی کے عوام کے ساتھ یہ ظلم و زیادتی و ناانصافی مزید کتنا عرصہ جاری رہے گی۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی میں کم از کم 700یونین کمیٹیاں بنائی جائیں تب ہی نئی حلقہ بندی قبول کریں گے ورنہ جماعت اسلامی احتجاج کرے گی۔ ہم الیکشن کمیشن سے بھی کہتے ہیں کہ اگر پیپلز پارٹی کے اثر اور دباؤ پر کوئی کراچی دشمن فیصلہ کیا گیا تو اسے قبول نہیں کریں گے اور الیکشن کمیشن کے خلاف بھی احتجاج کریں گے ، ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی اور حید آباد کے نوجوانوں کو بھی روزگار دیا جائے ، جعلی ڈومیسائل کے ذریعے نوجوانوں کے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیا جائے گا، غاصبانہ بلدیاتی ایکٹ کے ذریعے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے ۔کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے خلاف اگر کوئی بلدیاتی ایکٹ لانے کی کوشش کی گئی تو جماعت اسلامی زبردست احتجاج کرے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں