مرتضیٰ وہاب کا ضلع شرقی ،کورنگی کا دورہ،انتظامات کاجائزہ

مرتضیٰ وہاب کا ضلع شرقی ،کورنگی کا دورہ،انتظامات کاجائزہ

منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں،ڈپٹی کمشنرزو دیگرافسران کو ہدایات،سندھ حکومت تمام اضلاع میں اپنے فنڈزسے ترقیاتی کام کروارہی ہے ،گفتگو

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ پر قربانی کے دوران شہر میں صفائی ستھرائی کا مکمل خیال رکھنا ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع شرقی اور کورنگی کا دورہ کرتے ہوئے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ مرتضیٰ وہاب کے شہر کے دورے کے موقع پر دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عیدالاضحی سے پہلے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اورترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے ان منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بعد ازاں انہوں نے کورنگی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کورنگی سمیت کراچی کے تمام اضلاع میں اپنے فنڈز استعمال کرتے ہوئے ترقیاتی کام کروا رہی ہے اورضلع کورنگی میں ہونے والے آٹھ ہزار روڈ، بارہ ہزار روڈ ، ڈھائی نمبر برج، 5 نمبر برج، فشرمین چورنگی موجود ہیں جو کہ سندھ حکومت نے تعمیر کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی ترقیاتی اسکیموں پر صوبائی حکومت کام کررہی ہے اور چھوٹی اسکیمیں ڈی ایم سیز کے ذریعے مکمل کروائی جارہی ہیں اور پچھلے آٹھ نو ماہ میں کے ایم سی کے اندر اچھا کام ہوا ہے اور مجھے بہت خوشی ہوئی کہ پارکس کے میکنزم کو ڈی سی اور ڈی ایم سی نے جس طرح سیوریج کے پانی کو استعمال کرنے کا طریقہ کار وضع کیا وہ پورے شہر کے بلدیاتی اداروں کو اپنانا چاہیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں