کارکنوں کا دباؤ،مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی بھی التوا کا شکار

کارکنوں کا دباؤ،مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی بھی التوا کا شکار

حکومت سندھ نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ایڈمنسٹریٹرز لگائے اب بلدیاتی اداروں میں ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کرنے کا تجربہ کیا جارہاہے ،ذرائع

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ کی جانب سے بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے بجائے کراچی کے چار اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کردیا گیا جو ضلعی بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹر بھی تھے، حکومت سندھ نے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے وہاں مستقل ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا تھا، اس حوالے سے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے چڑیا گھر کے دورے کے موقع پر صحافیوں کو آگاہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مرتضیٰ وہاب کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر لگانے کے فیصلے کے بعد اندرون سندھ سے پارٹی سے ایڈمنسٹریٹرز کی تعیناتی کے لئے کارکنوں کو آگے لانے کے لئے پی پی پی پر دباؤ بڑھ گیا تھا، جس کے باعث مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی بھی التوا کا شکار ہو گئی اور اب بلدیاتی اداروں میں ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل کرنے کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر ایم بی دھاریجو کا تبادلہ کورنگی کرکے نئے ڈپٹی کمشنر وسطی کے لئے طلحہ سلیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جو کے ایم سی میں ڈائریکٹر جنرل پارکس تعینات تھے اور اچھی شہرت کے حامل افسر ہیں، محنت اور دیانت داری سے فرائض کی ادائیگی ان کی شہرت کا سبب ہے۔ انہوں نے شہر بھر میں مفت سی ایس ایس کلاسوں کا آغاز کیا ہوا ہے، جبکہ ضلع شرقی میں آصف جان صدیقی، ضلع غربی میں شہریار گل اور ضلع کورنگی میں ایم بی دھاریجو کو انقلابی تبدیلیاں لانے کے لئے ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں