بجلی ،پانی کی عدم فراہمی پراحتجاج،بدترین ٹریفک جام

بجلی ،پانی کی عدم فراہمی پراحتجاج،بدترین ٹریفک جام

لیاری اورماڑی پور روڈ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں، شہریوں کو شدید مشکلات ،دو گھنٹے تک احتجاج، پولیس نے مظاہرین کو مذاکرات کے بعد منتشر کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر لیاری کے مکین احتجاج کرتے ہوئے ماڑی پور روڈ پر آگئے جس کے باعث آئی سی آئی پل اور میراں ناکہ روڈ پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا ، ہزاروں گاڑیاں ٹریفک جام میں پھنس گئیں ۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور روڈ پر لیاری اور ماڑی پور کے علاقہ مکینوں نے پانی، بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا جس کے باعث مرزا آدم خان روڈ سے آئی سی آئی پل سے ماڑی پور روڈ آنے اور جانے والی سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئیں۔مظاہرے کے باعث مذکورہ شاہراہوں اور اطراف کی سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا اور ہزاروں افراد کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹریفک جام کے دوران لوٹ مار کے بھی واقعات رونما ہوئے جس سے شہریوں کے غم و غصے میں اضافہ ہوا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ زندگی کی اہم ضرورت پانی اور بجلی فراہم نہیں کی جارہی اور عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جارہا ہے جس کے باعث نظام زندگی بری طرح سے متاثر ہورہا ہے ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے چھوٹی گاڑِیوں کو مرزا آدم خان روڈ سے میراں ناکہ کی جانب اور آئی سی آئی پل سے ٹاور کی طرف متبادل راستہ فراہم کیا گیا۔ دو گھنٹے جاری رہنے والے مظاہرے کے بعد علاقہ پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کر کے احتجاج کو ختم کرایا جس کے بعد ماڑی پور روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں