اہم شاہراہوں اور مقامات پر تجاوزات کی بھرمار، ٹریفک حادثات بڑھ گئے

اہم شاہراہوں اور مقامات پر تجاوزات کی بھرمار، ٹریفک حادثات بڑھ گئے

تجاوزات کی بھرمار کے باعث عام شہری فٹ پاتھ کے استعمال کے حق سے محروم ، بے ہنگم ٹریفک میں سڑکوں پر پیدل چلتے افراد حادثات کا بھی شکار ہوجاتے ہیں،ٹریفک جام معمول

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عدالتی احکامات کے باوجود ایم اے جناح روڈ ،شاہراہ پاکستان ،صدیق وہاب روڈ اور دیگر مقامات پر تجاوزات کی بھرمارنے ٹریفک مسائل اور حادثات کی شرح بڑھادی ،متعلقہ اداروں کے عملے کی ملی بھگت سے تجاوزات مافیا نے مصروف شاہراہوں اور فٹ پاتھوں تک پر قبضہ جما رکھا ہے ۔ تجاوزات کی بھرمار کے باعث عام شہری فٹ پاتھ پر پیدل چلنے کے حق سے محروم ہیں۔ بے ہنگم ٹریفک میں سڑکوں پر پیدل چلتے افراد حادثات کا بھی شکار ہوجاتے ہیں۔ ایم اے جناح روڈ پر تبت سینٹرسے ٹاور تک سڑک پر ہونے والی پارکنگ اورٹھیلوں، پتھاروں نے مسائل کھڑے کررکھے ہیں۔ شاہراہ پاکستان پر تین ہٹی پر ٹھیلے پتھاروں نے سڑک کو ٹریفک کے لیے محدود کردیاہے ۔صدیق وہاب روڈ گولیمار کی دونوں سڑکوں پر دکانداروں کی جانب سے کی جانے والی پارکنگ اورپک اپ ڈرائیوروں کی جانب سے سڑک جام رہتی ہے ۔شاہراہ پاکستان پر سپرمارکیٹ لیاقت آباد دس نمبرکے قریب ٹھیلوں پتھاروں نے ٹریفک جام کررکھاہے شہرمیں تجاوزات کی بھرمار ٹریفک مسائل اور حادثات کا سبب بن رہی ہے ۔ رہی سہی کسر غلط سمت سے آنے والی ٹریفک نے پوری کر دی ہے ۔ شام کے اوقات میں ٹریفک کا دبا ؤبڑھنے اور تجاوزات کے باعث ٹریفک جام کے نتیجے میں شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔صدر ایمپریس مارکیٹ، زیب النسا اسٹریٹ، بولٹن مارکیٹ سمیت دیگر مقامات پر تجاوزات مافیا متعلقہ اداروں کے عملے کی ملی بھگت سے قابض نظر آتا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں