بن قاسم پلانٹ کے یونٹ تین آپریشنل نہ ہونے پرتشویش

بن قاسم پلانٹ کے یونٹ تین آپریشنل نہ ہونے پرتشویش

چیئرمین نیپرا کی کے الیکٹرک کو یونٹ جلد از جلد آپریشنل کرنے کی ہدایت،کے الیکٹرک کے تحت پہلی سند یافتہ خواتین الیکٹریشن کی گریجویشن تقریب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نے بن قاسم پاور پلانٹ کے یونٹ تین آپریشنل نہ ہونے پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے کے الیکٹرک کو ہدایت کی تین نمبر یونٹ کو جلد ازجلدآپریشنل کیاجائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کے الیکٹرک کے تحت پاکستان کی پہلی سند یافتہ خواتین الیکٹریشن کی گریجویشن تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں اتھارٹی کی جانب سے رفیق احمد شیخ، وائس چیئرمین، مقصود انور خان، رکن،ہما ظفر، کنسلٹنٹ سی ایس آرنے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کے الیکٹرک انتظامیہ نے چیئرمین نیپرا کو ادارے کی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے اور آپریشنل ایکسیلینس حاصل کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ کے الیکٹرک کی جانب سے پیپر لیس بلنگ کے اپنے عزم کا بھی اظہار کیا گیا جس کے تحت قدرتی وسائل کا کم استعمال اور CO2 گیس کے کم اخراج کے ذریعے ماحول کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ، سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کے الیکٹرک میں ہم سمجھتے ہیں ہمارے خواتین گرڈ آپریٹنگ افیسرز اور خواتین میٹر ریڈرز قومی پاور سیکٹر میں ایک مثال قائم کر رہی ہیں۔ ہم اپنے 10 ارب روپے کے پروجیکٹ سربلندی کے تحت اپنی کمیونٹیز میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس میں معاشی طور سماجی بہتری میں اضافہ اور بجلی کی مسلسل فراہمی پر ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں