کسی کو مغربی ایجنڈے کی تکمیل نہیں کرنے دینگے ،حافظ نعیم

کسی کو مغربی ایجنڈے کی تکمیل نہیں کرنے دینگے ،حافظ نعیم

اپنے ہی بعض لوگ ہمارے دلوں میں مغربی تصور بٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں،عالمی یوم حجاب کے سلسلے میں کانفرنس، نصرت سحر،دردانہ صدیقی اور دیگر کا خطاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی (حلقہ خواتین )کے تحت ’’عالمی یوم حجاب‘‘ و حجاب آگہی مہم کے سلسلے میں ’’تہذیب ہے حجاب‘‘ کے عنوان سے مقامی ہوٹل میں کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے سیکریٹری جنرل حلقہ خواتین پاکستان دردانہ صدیقی، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، فنکشنل لیگ کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی، ناظمہ کراچی اسما سفیر و دیگر نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں بچیوں، خواتین اساتذہ، وکلا، صحافی، ادیب، ڈاکٹرز، پروفیشنلز اور شوبزسے وابستہ خواتین سمیت موثر طبقات اور مختلف شعبہ زندگی کی خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب میں کہاکہ تہذیب ہے حجاب کے عنوان سے منعقد ہ کانفرنس کو پوری دنیا میں مزاحمتی تحریک میں شامل خواتین بالخصوص مسجد اقصیٰ کی حفاظت پر مامور خاتون مریم کے نام منسوب کرتے ہیں، حیا و حجاب شرم سے ماخوذ ہے، بدقسمتی سے ملک میں اپنے ہی بعض لوگ مغرب کا تصور ہمارے دلوں میں بٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں،حقوق کے نام پر عورتوں کا استحصال کرنے والی این جی اوز اگر واقعی ان کے حقوق کے لیے فکرمند ہیں تو آئیں ان کیلئے جماعت اسلامی کے دروازے کھلے ہیں، مغربی ایجنڈے کے آلہ کار لوگوں کو کسی صورت مغربی ایجنڈے کی تکمیل نہیں کرنے دینگے۔ اس موقع پر دردانہ صدیقی، نصرت سحر عباسی نے بھی خطاب کیا۔ پروگرام کے اختتام پر پرنٹ والیکٹرونک میڈیا سے وابستہ خواتین میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں