پاک سعودیہ تعلقات ہمیشہ قابل ستائش رہے ، جاوید جبار

پاک سعودیہ تعلقات ہمیشہ قابل ستائش رہے ، جاوید جبار

ہماری خارجہ پالیسی ہماری داخلہ پالیسی کی عکاس ہوتی ہے ،عشرت حسین،آئی بی اے کے زیر اہتمام سابق سفیرشاہدامین کی کتاب کی تقریب رونمائی

کراچی (نیوز ڈیسک)پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ سے قابل ستائش تعلقات میں بندھے رہے ہیں، ہم نہ صرف مذہب بلکہ خطہ کے لحاظ سے بھی سعودی عرب کیلئے اہم ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اطلاعات جاوید جبار نے گزشتہ روز انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کے زیر اہتمام منعقد ہ کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق سفیر شاہد امین نے اپنی کتاب میں نہایت جرات مندانہ انداز میں سعودی حکمرانوں کے پاکستان اور پاکستانی حکمرانوں کے ساتھ مشروط اور مضبوط تعلقات کے پس منظر کو قلمبند کیا ہے ۔ تقریب سے وزیر اعظم کے سابق مشیر ڈاکٹر عشرت حسین نے کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی ہماری داخلہ پالیسی کی عکاس ہوتی ہے ، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب 1974 میں گلوبل پاور کے طور پر اُبھرا اور ترقی کے منازل طے کرتا چلا جارہا ہے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں بہت اتار چڑھاؤ آئے لیکن اگر مشاہدہ کیا جائے تو چڑھاؤ زیادہ ہیں اور اتار کم ۔سعودی عرب کے لئے پاکستان کی عسکری خدمات نہ صرف قابل تحسین بلکہ بے نظیر ہیں۔ پاکستان نے ہی رائل ائر فورس کے پائلٹوں کو تربیت دی۔ تقریب کے اختتام پر انسٹی ٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ کے چانسلر بشیر جان محمد اور صدر طالب کریم نے سابق سفیر شاہد امین ، جاوید جباراور ڈاکٹر عشرت حسین کو یادگاری سووینئر پیش کئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں