متوقع بارشیں خطرناک مخدوش عمارتوں کے مکینوں کوانخلا کا انبتاہ

متوقع بارشیں خطرناک مخدوش عمارتوں کے مکینوں کوانخلا کا انبتاہ

مختلف اضلاع میں اضافی منزلوں،پورشن اوراستعمال اراضی کی خلاف ورزی سمیت دیگرغیرقانونی تعمیرا ت منہدم وسربمہر،انہدامی کارروائیاں ایس بی سی اے کے متعلقہ ڈپٹی واسسٹنٹ ڈائریکٹرزاورڈیمالیشن آفیسرز کی زیرنگرانی عمل میں لائی گئیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹرجنرل محمد سلیم رضا کی ہدایات پرڈیمالیشن اسکواڈ نے شہرکے مختلف اضلاع میں اضافی منزلوں، پورشن اوراستعمال اراضی کی خلاف ورزی سمیت دیگرغیرقانونی تعمیرا ت کومنہدم و سربمہر کردیا جبکہ ایس بی سی اے نے متوقع بارشوں اور اس کے سبب عمارتی حادثات میں اضافی خدشات کے پیش نظر ایک بار پھرخطرناک مخدوش عمارتوں کے مکینوں کومتنبہ کیا ہے کہ قیمتی انسانی جان واملاک کے تحفظ کی خاطر ان عمارتوں کوفوری خالی کیاجائے۔ تفصیلات کے مطابق ڈیمالیشن اسکواڈ کی ٹیم کی ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کی گئی کارروائی میں گلبرگ ٹاؤن کے علاقے میں پلاٹ نمبر R-334 بلاک 9 اور پلاٹ نمبر R-852 بلاک 16 پر تیسری منزل کی مکمل تعمیرات کومنہدم کردیاجبکہ پلاٹ نمبر R-475 بلاک 9 یونٹ طرزتعمیرات اورپلاٹ نمبر R-265 بلاک 15کے گراؤنڈ فلور پر غیرقانونی دکانوں کوسربمہرکردیاگیا۔ نارتھ ناظم آباد ٹاؤن میں پلاٹ نمبر 14/2 سب بلاک 5-E پاپوش نگر پر تیسری منزل اورلیاقت آباد ٹاؤن میں پلاٹ نمبر 5/10 سب بلاک 4-B ناظم آباد پر دوسری منزل کی آرسی سی چھت کو منہدم کردیاجبکہ عدالت کے حکم کی تعمیل میں پلاٹ نمبر 6/592 لیاقت آباد پر گراؤنڈ اور پہلی منزل کی تعمیرات کومنہدم کردیاگیا۔ علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے علاقے جمشیدٹاؤن میں پلاٹ نمبر 712/10 فاطمہ جناح کالونی پرتیسری منزل کی پارٹیشن دیواروں ، گارڈن ایسٹ کے علاقے میں پلاٹ نمبرGE 25/6 پرچھٹی منزل کی پارٹیشن دیواروں اور آرسی سی چھت اورپلاٹ نمبر 461-GE پر اضافی دکان کومنہدم کردیا جبکہ پلاٹ نمبر35، سولجربازار پر بنیادی تعمیراتی کالمز کو مسمار کردیا گیا۔ دریں اثنا ڈیمالیشن اسکواڈ کی ٹیم نے ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے علاقے لیاری میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پلاٹ واقع گلی نمبر 1نزد جامع مسجد بالمقابل پاپولراسٹریٹ لیاقت کالونی پر پانچویں منزل کی شٹرنگ اورچوتھی منزل کی آرسی سی چھت کومنہدم کردیا جبکہ لیاقت کالونی لیاری میں پلاٹ واقع گلی نمبر1 نزدجامع مسجد، پلاٹ نمبر12/71 گلی نمبر2، پلاٹ نمبر12/72 گلی نمبر2، پلاٹ بولڈ مارکیٹ بالمقابل پیپلز پلے گراؤنڈ اور پلاٹ واقع ملحقہ بلال آرکیڈ لیاقت مارکیٹ ، موسیٰ لین میں پلاٹ نمبر LY-10/5 اور پلاٹ نمبر LY-10/72 جبکہ نواآباد میں پلاٹ واقع گلی نمبر 8 یوسی نمبر03 پر غیرقانونی تعمیرات کو سربمہرکردیا۔ مذکورہ بالاانہدامی کارروائیاں متعلقہ ڈپٹی واسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ڈیمالیشن آفیسرز کی زیرنگرانی عمل میں لائی گئیں جبکہ ایس بی سی اے پولیس فورس بھی ان کے ہمراہ موجود تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں