سرکاری گاڑیوں میں اسمگنگ کا انکشاف، کسٹم افسر کے 2ملازمین گرفتار

سرکاری گاڑیوں میں اسمگنگ کا انکشاف، کسٹم افسر کے 2ملازمین گرفتار

گاڑی سے مضرصحت اسمگل شدہ چھالیہ کی 12بوریاں اور ممنوع اشیا ضبط، کسٹم افسرکے ذاتی ملازمین ڈرائیور انور اور باورچی بدھو جونیجو کوحراست میں لے لیاگیا،ضبط شدہ گاڑی دو برس قبل ڈائریکٹوریٹ میں تعینات ڈائریکٹر کے زیر استعمال رہی ،ممنوع اشیا کی کراچی سے اندرون ملک اسمگلنگ کوشش کی جارہی تھی

کراچی (رپورٹ:نادر خان)کسٹم کی کارروائیوں میں ضبط شدہ ٹیمپرڈ گاڑیاں سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر اسمگلنگ کے سامان کی ترسیل کے لئے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے ،پولیس نے کسٹم افسر کے زیر استعمال گاڑی ضبط کر کے اس کے دو ذاتی ملازمین کو گرفتار کرلیا ،گاڑی سے اسمگل شدہ چھالیہ ،ممنوعہ اشیا ضبط کرلی گئیں ،کسٹم افسران ضبط شدہ گاڑیوں کے استعمال کے دوران چوری کے مقدمات درج کر کے تحقیقات میں رکاوٹ بنتے رہے ہیں ۔ پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ڈائریکٹوریٹ آف کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی میں تعینات پرائیویٹ ملازمین ڈرائیور انور اور باورچی بدھو جونیجو کو گرفتار کر کے ایک سرکاری نمبر پلیٹ ہائی لیکس کو قبضے میں لے کر گاڑی سے مضر صحت اسمگل شدہ چھالیہ کی 12بوریاں اور ممنوع اشیا ضبط کرلی ہیں۔ یہ اشیا اسمگل کر کے کراچی منتقل کی گئی تھیں جن کی سپلائی اندرون ملک کی جارہی تھی اور کراچی سے باہر نکلتے ہی یہ گاڑی پولیس نے پکڑ لی تھی ۔کسٹم ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی میں گرفتار دونوں افراد پرائیویٹ اہلکار ہیں جو کسٹم انٹیلی جنس کراچی میں تعینات رہے ہیں تاہم جو گاڑی پولیس نے ضبط کی ہے وہ دو برس قبل ڈائریکٹوریٹ میں تعینات ڈائریکٹر کے زیر استعمال رہی تھی اور جب ان کا تبادلہ ملتان ہوا تو یہ گاڑی بھی ملتان منتقل ہوگئی تھی ۔ یاد رہے کہ کسٹم افسران مختلف کارروائیوں میں اسمگل شدہ اور ٹیمپرڈ گاڑیاں ضبط کرتے ہیں تاہم نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو کسٹم قوانین کے مطابق نیلامی کے ذریعے فروخت کردیا جاتا ہے جبکہ ٹیمپرڈ گاڑیوں کی نیلامی کے ذریعے فروخت بھی ممنوع ہے جس کے بعد یہ ٹیمپرڈ گاڑیاں سرکاری افسران اپنے استعمال میں رکھتے ہیں اور ہر ماہ کراچی کے مختلف تھانوں میں سرکاری گاڑیوں کی چوری کی رپورٹ درج کی جاتی ہے ۔ گزشتہ ماہ پی ای سی ایچ ایس بلاک 2پر قائم ایک ورکشاپ سے 17اگست کو کسٹم انٹیلی جنس کے سپرنٹنڈنٹ سعید فاروقی کے زیراستعمال نان کسٹم پیڈ گاڑی BD0621 چوری کرلی گئی تھی جس کا مقدمہ فیروزآباد پولیس نے سعید فاروقی کی مدعیت میں درج کیا تھا ۔اسی طرح کلفٹن تھانے میں درج مقدمہ الزام نمبر336/21میں کسٹم کے ایڈیشنل ڈائریکٹر شیراز نذیر کے زیراستعمال لینڈ کروزر کی چوری کامقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسٹم افسر نے اپنے سپاہی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرایاتھا جس میں اپنا نام بھی غلط ظاہر کیا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں