جدید مشینری سے لیس 2 ٹگز پاک بحریہ کے حوالے

جدید مشینری سے لیس 2 ٹگز پاک بحریہ کے حوالے

جہاز میں دو انجن، نیوی گیشنل ریڈار، فائر فائٹنگ سسٹم کے انتظامات ہیں،کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل نوید اشرف نے جہاز کی بروقت حوالگی کو سراہا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے جانے والے 2 ٹگز کی حوالگی کی تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں منعقد ہوئی۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل نوید اشرف اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں پاک بحریہ اور شپ یارڈ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس جہاز کی مجموعی لمبائی 25 میٹر جبکہ وزن 250 ٹن ہے۔ اس کی حد فتار 12 ناٹ ہے۔ اس میں دو عدد ڈیزل انجن ازیمتھ پروپلشن سسٹم اور ٹگ ہینڈلنگ کے لیے دیگر جدید مشینری نصب ہے۔ جہاز میں دو ڈیزل انجن، ڈیزل فائر پمپ، نیوی گیشنل ریڈار، فائر فائٹنگ سسٹم، ڈیک کرین، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ اور جہاز کو کھینچنے کے انتظامات ہیں۔ اس موقع پر مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ باوجود کورونا وبا اور اس کے نتیجے میں آنے والے چیلنجز جن میں او ای ایم انجینئرز کی عدم دستیابی،کٹ آف مٹیریل کی تاخیر سے فراہمی جیسے مسائل کے باوجود جہاز کی بروقت حوالگی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز خاص طور پر کراچی شپ یارڈ کی انتظامیہ اور افرادی قوت کو مبارک باد پیش کی۔ قبل ازیں منیجنگ ڈائریکٹر کراچی شپ یارڈ ریئر ایڈمرل اطہر سلیم نے کہا کہ ہمیں اس نوعیت کے منصوبے تفویض کیے جانے پر فخر ہے۔ انہوں نے شپ یارڈ میں جاری منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فی الوقت ملجم کلاس کارویٹ، میزائل بردار جہاز (فیکم 4)اور1500 ٹن وزنی میری ٹائم پیٹرول ویسل تکمیل کے مراحل میں ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں