غربی،کیماڑی سے کچرا اٹھانے کیلئے 27 نئی گاڑیوں کا افتتاح

غربی،کیماڑی سے کچرا اٹھانے کیلئے 27 نئی گاڑیوں کا افتتاح

گاڑیاں کچرا کنڈیوں کے خاتمے کو مد نظر رکھتے ہوئے بنائی گئی ہیں، ٹریکر بھی نصب،گھر گھر سے کچرا اٹھانا ترجیح،بیشتر علاقوں میں سروسز فراہم کررہے، ایم ڈی سالڈ ویسٹ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر احمد چنہ نے ہینگزو کمپنی کے سی ای او مسٹر پینگ کے ہمراہ ضلع غربی اور کیماڑی میں صفائی ستھرائی میں مزید بہتری لانے اور گھر گھر سے کچرا اٹھانے کے لئے مزید 27 نئی گاڑیوں کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق علی نظامانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ارشد وارث، ڈپٹی ڈائریکٹر کیماڑی جمال شاہ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر رضوان علی عباسی، کنسلٹنٹ ہینگزو کمپنی محمد خالد، پروجیکٹ ڈائریکٹر کامران نقوی، جی ایم دلنواز شاہ و دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ کو تمام گاڑیوں کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی۔ واضح رہے کہ کچرا اٹھانے کے لئے نئی گاڑیاں کچرا کنڈیوں کے خاتمے کو مد نظر رکھتے ہوئے بنائی گئی ہیں۔ ان گاڑیوں کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ منی ٹیپر کا کچرا ٹرے کمپیکٹر میں خالی کیا جائے گا، جس سے کچرا کنڈیوں کا خاتمہ یقینی ہوگا۔ ہینگزو کے پروجیکٹ ڈائریکٹرنے ایم ڈی کو بریفنگ میں بتایا کہ گاڑیوں میں ٹریکر نصب ہیں جبکہ ڈسٹ بن میں آر ایف آئی ڈی چپ لگی ہوئی ہے۔ ایم ڈی سالڈ ویسٹ زبیر چنہ نے کہا کہ گھر گھر سے کچرا اٹھانا ہماری ترجیح ہے، بیشتر علاقوں میں ایس ایس ڈبلیو ایم بی گھر گھر سے کچرا اٹھانے کی سروسز فراہم کررہا ہے، 7 ٹرے کمپیکٹر، 5 منی ٹیپر، ایک ڈمپر اور 64 ڈسٹ بن ضلع غربی میں، جبکہ 8 ٹرے کمپیکٹر، 5 منی ٹیپر، ایک ڈمپر اور 64 نئے ڈسٹ بن ضلع کیماڑی کے لئے استعمال ہونگے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں