نسلہ ٹاور کے رہائشیوں کو 27 اکتوبر تک انخلا کا نوٹس

نسلہ ٹاور کے رہائشیوں کو 27 اکتوبر تک انخلا کا نوٹس

بلڈنگ خالی نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی،اسسٹنٹ کمشنر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ضلع شرقی کی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹس میں نسلہ ٹاور کے رہائشیوں کو 27 اکتوبر تک بلڈنگ خالی کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔ عمارت کا کچھ حصہ غیرقانونی زمین پر تعمیر ہوا، نسلہ ٹاورکی جانب سے جمع کرائی گئی نظرثانی درخواست سپریم کورٹ کی جانب سے مسترد کردی گئی تھی، جس کے بعد سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی کو کارروائی کے بعد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ نسلہ ٹاور کو خالی کرانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر فیروزآباد نے نوٹس جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے نظرثانی درخواست بھی مسترد کردی ہے۔ کمشنر کراچی کو اعلیٰ عدلیہ کی ہدایت پر عملدرآمد کی رپورٹ جمع کرانی ہے، لہٰذا بلڈنگ خالی نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ نسلہ ٹاور سے متعلق گزشتہ سماعت پر عدالت نے نظرثانی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے بلڈنگ ایک ماہ میں خالی کرانے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ عمارت کا کچھ حصہ غیر قانونی زمین پر تعمیر کیا گیا، الاٹیز یا مالکان کو حقیقی مالکان کا درجہ نہیں دیا جا سکتا، عدالتی حکم میں الاٹیز کے مفادات کا تحفظ بھی کیا گیا ہے، متعدد سوالات پر بھی 780 گز سے زائد کی لیز دستاویزات پیش نہیں کی گئیں اور اضافی لیز کا بھی قانونی جواز نہیں پیش کیا جا سکا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں