میلاد النبیؐ کا مرکزی جلوس بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو گا

میلاد النبیؐ کا مرکزی جلوس بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہو گا

براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا، 5 بجے جلسہ سے علما خطاب، قرارداد پیش کرینگے،شرکا انتظامیہ سے تعاون کریں، پو لیس ورینجرزکے کام میں مداخلت نہ کی جائے، شاہ عبدالحق

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اہلسنّت پاکستان کراچی کے تحت عید میلاد النبی ؐ انتہائی عقیدت واحترام اور مذہبی جوش وجذبے سے منائی جائے گی، جشن صبح بہاراں کا آغاز بارگاہ رسا لت ؐمیں ہدیہ درود و سلام، اجتماعی دعاؤں سے ہوگا، جشن صبح بہاراں کا مرکزی اجتماع کل (منگل کو) میمن مسجد مصلح الدین گارڈن میں ہوگا، جبکہ مرکزی جلوس 3 بجے سہ پہر علامہ شاہ عبدالحق قادری ودیگر علما ومشائخ کی قیادت میں بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا جو براستہ ایم اے جناح روڈ نشتر پارک پہنچے گا، جہاں عظیم الشان جلسہ عید میلاد النبی ؐ5 بجے شام منعقد ہوگا۔ جلسے سے جید علما کرام خطاب اور قرار دادیں پیش کرینگے۔ نماز عصر اور مغرب نشتر پارک میں ادا کی جائے گی۔ علامہ شاہ عبدالحق نے شرکا سے اپیل کی ہے کہ انتظامیہ اور رضاکاروں سے تعاون کریں۔ جماعت اہلسنّت کراچی نے منتظمین جلوس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک دوسر ے کے جلو س کا احترام کریں، حفا ظت پر مامور پولیس و رینجرز کے کام میں مداخلت نہ کی جائے۔ ادھر آج شب شہر بھر کی مساجد میں جشن ولادت مصطفی صبح بہاراں کی مناسبت سے محافل نعت، میلاد شریف، قصیدہ بردہ شریف، ختم درود پاک کی محا فل کا انعقاد کیا جائے گا ۔ دوسری جانب میلاد النبیؐ کے انتظامات سے متعلق کمشنر کراچی اقبال احمد میمن نے ڈی سی ساؤتھ ارشاد سودھڑ کے ہمراہ میمن مسجد مصلح الدین گارڈن میں علامہ شاہ عبد الحق قادری سے ملاقات کر کے میلاد کیلئے ہر ممکن تعاون کایقین دلایا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں