ایم اے جناح روڈ پر رہائشی علاقے میں پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی، تین گاڑیاں تباہ

ایم اے جناح روڈ پر رہائشی علاقے میں پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی، تین گاڑیاں تباہ

دیوالی کے لئے پٹاخے ٹرک سے گودام میں منتقل کیے جارہے تھے، دھماکوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم اے جناح روڈ سی بریز اسپتال کے قریب پٹاخوں کے گودام میں آتشزدگی، فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں کے عملے نے آگ پر قابو پالیا، آتشزدگی کے نتیجے میں قریب موجود تین گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق پریڈی کے علاقے صدر میں سی بریز اسپتال کے قریب بس اڈے سے متصل خالی پلاٹ پر پٹاخوں کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی، پٹاخوں کے دھماکوں سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی موقع پر پہنچ گئی۔ آگ کی شدت کے باعث فائر بریگیڈ کی مزید دو گاڑیوں کو بھی طلب کر لیا گیا۔ دو وینز اور ایک پک اپ آگ کی لپیٹ میں آگئی۔ آتشزدگی کے باعث تینوں گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ آتشزدگی کے باعث علاقہ دھماکوں سے گونجتا رہا، تاہم فائر بریگیڈ کے عملے نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ پٹاخوں کا گودام حنیف نامی شخص کا ہے، رہائشی علاقے میں پٹاخوں کا گودام رہائشیوں کے لئے خطرناک ہے۔ اسی علاقے میں حنیف کے دوسرے گودام میں چند برس قبل بھی آگ لگی تھی، تاہم آگ لگنے کی فوری وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔ پولیس کے مطابق حنیف نامی شخص کے پاس پٹاخوں کا لائسنس ہے، اس نے دیوالی کے لئے پٹاخے وغیرہ منگوائے تھے جو ٹرک سے گودام میں منتقل کیے جا رہے تھے کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ حنیف کا کہنا ہے کہ لاکھوں روپے مالیت کا سامان خاکستر ہو گیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں