کرپشن اور بیرونی قرضے مہنگائی کا بڑا سبب، ثروت قادری

کرپشن اور بیرونی قرضے مہنگائی کا بڑا سبب، ثروت قادری

مہنگائی اور غربت بام عروج پر ہیں، دعووں سے کام چلانے کا وقت گزر گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کرپشن، بیرونی قرضے اور اقربا پروری مہنگائی کا بڑا سبب ہے، حکمران کرپشن کا خاتمہ کرسکے نہ ہی بیرونی قرضوں سے چھٹکارا حاصل کیا۔ مرکز اہلسنّت سے جاری ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے حکمران طبقے نے جو وعدے کئے حل ہونا تو دور ان پر عمل تک نہیں کیا گیا، ملک معاشی عدم استحکام کا شکار ہے ، غریب بھوک سے مررہا ہے اور غربت میں جتنا اضافہ موجودہ ادوار میں ہوا کبھی نہیں ہوا،مہنگائی اور غربت بام عروج پر ہے، دعووں سے کام چلانے کا وقت گزر گیا، حکمرانوں نے عوام کو ریلیف نہیں دیا تو ان کے محاسبے کیلئے عوام سڑکوں پر آجائیں گے، ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج بتا رہے ہیں عوام حکمرانوں کی معاشی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں۔ ثروت قادری کا کہنا تھا کہ حکومت غربت کے بجائے غریب کو ختم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے ،بیرونی ممالک میں غریبوں کوبجلی، پٹرول اور روزمرہ استعمال میں آنے والی اشیا پر سبسڈی دے کرریلیف دیا جاتا ہے مگر ہمارے یہاں ان چیزوں پر اصل قیمتوں سے زیادہ ٹیکس وصولی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران مہنگائی کو ختم اور معاشی استحکام کیلئے سنجیدہ فیصلے کریں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں