چڑیا گھر میں تفریحی سہولتیں مزید بہتر کی جائینگی،ایڈمنسٹریٹر

چڑیا گھر میں تفریحی سہولتیں مزید بہتر کی جائینگی،ایڈمنسٹریٹر

صفائی ستھرائی، جانوروں کے چارے سے متعلق کوتاہی برداشت نہیں ہوگی

کراچی(اسٹاف رپورٹر )ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی چڑیا گھر میں دستیاب تفریحی سہولیات کو مزید بہتر کیا جائے ، شہریوں کو اچھی تفریح مہیا کرنا چاہتے ہیں، صفائی ستھرائی، جانوروں کے چارے اور انتظامات سے متعلق کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ بات انہوں نے منگل کی صبح کراچی چڑیا گھر کے دورے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر سید افضل زیدی اور کے ایم سی کے متعلقہ افسران بھی مو جود تھے ، اجلاس کے دوران چڑیا گھر میں تفریحی سہولیات بڑھانے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہاکہ چڑیا گھر کسی بھی شہر میں اہم تفریحی مقام ہوتا ہے جہاں جنگلی حیات کے متعلق معلومات مہیا ہوتی ہیں اور ہر عمر کے لوگوں کے لئے یہاں تفریح کا سامان دستیاب ہوتا ہے لہٰذا چڑیا گھر میں آنے والے شہریوں کوبہترین سہولیات ملنی چاہئیں، انہوں نے کہاکہ وہ کسی بھی وقت چڑیا گھر کا اچانک دورہ کرکے دی گئیں ہدایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے تاکہ چڑیا گھر کو بہتر اور جدید سہولیات سے آراستہ کیاجائے ، اس موقع پر انہوں نے چڑیا گھر کا دورہ کرکے بارہ دری سمیت مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں