ضلع ملیر، کروڑوں مالیت کی40 ایکڑ سرکاری زمین واگزار

ضلع ملیر، کروڑوں مالیت کی40 ایکڑ سرکاری زمین واگزار

انتظامیہ کا بن قاسم کی دیہہ کوٹیرڑو میں آپریشن، کئی مکانات اور دکانیں مسمار کر دی گئیں،کسی شخص یا ادارے کو سرکاری زمین پر قبضہ کی اجازت نہیں دینگے ، ڈپٹی کمشنر گھنور لغاری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ ریونیو ملیر کی جانب سے لینڈ مافیا اور سرکاری زمینوں پر قابض افراد کے خلاف آپریشن کے سلسلے میں انتظامیہ نے بن قاسم کی دیہہ کوٹیرڑو میں اینٹی انکروچمنٹ پولیس کے ہمراہ آپریشن کرکے کروڑوں روپے مالیت کی 40 ایکڑ زمین سے قبضہ واگزار کرالیا، جبکہ خالی کرائی گئی سرکاری زمین تحویل میں لے لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملیر گھنور علی لغاری کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بن قاسم منشاد علی شاہانی، مختیار کار بن قاسم فرحان جتوئی، محکمہ ریونیو کے افسران اور اینٹی انکروچمنٹ پولیس کی بھاری نفری نے بھاری مشینری کے ہمراہ بن قاسم کی دیہہ کوٹیرڑو پیر سرہندی 2 سے 40 ایکڑ سرکاری زمین سے قبضہ ختم کر ا دیا۔ آپریشن کے دوران کئی مکانات، دکانیں اور خالی پلاٹوں پر بنائی گئی چار دیواریاں مسمار کر دی گئیں۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ڈپٹی کمشنر ملیر گھنور لغاری اور مختیار کار بن قاسم فرحان جتوئی نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ زمین سرکاری تھی، جس پر لینڈ مافیا کا قبضہ تھا،اس زمین کو خالی کرا لیا گیا ہے، کسی بھی شخص یا ادارے کو کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دی جائے کہ وہ سرکاری زمین پر قبضہ کرے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ خالی کرائی گئی 40 ایکڑ زمین کروڑوں روپے مالیت کی ہے جو سرکاری تحویل میں لے لی گئی ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں