بیچ ویو پارک کے قریب ڈرائیو اِن سنیما بنانے کا فیصلہ

بیچ ویو پارک کے قریب ڈرائیو اِن سنیما بنانے کا فیصلہ

سن سیٹ سنیما کا آغاز کل سے ہوگا،یادگار فلمیں جمعہ،ہفتہ اور اتوار کودکھائی جائیں گی ،شہری فیملی کے ہمراہ گاڑی میں بیٹھ کر فلم سے محظوظ ہوسکیں گے، مقصد شہریوں کو سمندر کے قریب بہتر تفریح مہیا کرنا ہے ، 150کاریں بیک وقت سنیما کے اطراف کھڑی ہوسکیں گی،ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ڈرائیو ان سنیماکے ماضی کے کامیاب تجربے کے پیش نظر شہریوں کو تفریح کی فراہمی کے لیے بیچ ویو پارک کے قریب ڈرائیو ان سنیما چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور جمعہ (کل) سے اس سنیما کا باقاعدہ آغاز کیا جا رہا ہے ، سن سیٹ سنیماپر یادگار فلمیں ہفتے میں تین دن جمعہ،ہفتہ اور اتوار کو دکھائی جائیں گی اور اس کے تین شوز منعقد کئے جائیں گے تاکہ کوویڈ19 وبا سے شہریوں کے ذہنوں پر جو اثرات مرتب ہوئے ہیں انہیں دور کرنے کے لئے تفریح کے نئے مواقع فراہم کئے جاسکیں۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس طرح شہری اپنے فیملی کے ممبران کے ہمراہ اپنی گاڑی میں بیٹھ کر فلم سے محظوظ ہوسکیں گے ، اس سنیما کو دیکھنے کے لئے آنے والے افراد کی کار پارکنگ کے لئے بھی انتظام کیا گیا ہے اور 150 کاریں بیک وقت سنیما کے اطراف کھڑی ہوسکیں گی اور ان کاروں میں موجود شہری فلم سے محظوظ ہوسکیں گے ۔ایڈمنسٹریٹر کراچی نے بتایا کہ چھ مختلف کیٹگریز میں فلموں کی نمائش کی جائے گی جن میں کلاسک ناولوں پر مبنی اور اینی میٹیڈ فلمیں بھی شامل ہیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کہا ہے کہ ڈرائیو ان سنیما کو نہ نفع نہ نقصان کی بنیاد پر چلائے گی اور اس سنیما کا مقصد شہریوں کو سمندر کے قریب ایک بہتر تفریح مہیا کرنا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کیسز میں کمی کے بعد جہاں دیگر کاروباری سرگرمیاں بتدریج بحال ہو گئیں وہیں ویکسی نیٹڈ فلم بینوں کے لیے سنیما گھروں کے دروازے بھی کھل گئے ہیں ۔گزشتہ مارچ میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث بند ہونے والے سنیما گھر کھل تو گئے لیکن شائقین گھر بیٹھے نیٹ فلکس اور دیگر پلیٹ فارمز کے ذریعے بہت سی فلمیں دیکھ چکے ہیں جو اس عرصے کے دوران ریلیز ہوئیں۔ سنیما مالکان کو اب یہ چیلنج درپیش ہے کہ وہ ایسی کون سے فلموں کی نمائش کریں جو فلم بینوں کو سنیما گھروں کی جانب کھینچ لائیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں