معلومات تک رسائی ہر شہری کا حق ہے ،چیف انفارمیشن کمشنر

معلومات تک رسائی ہر شہری کا حق ہے ،چیف انفارمیشن کمشنر

محکمہ پبلک سے کسی بھی قسم کی معلومات لی جاسکتی ہیں، ہر سرکاری محکمہ پابند ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف انفارمیشن کمشنر پاکستان انفارمیشن کمیشن محمد اعظم نے کہا ہے کہ ہر سرکاری محکمہ میڈیا اور عام لوگوں کو معلومات فراہم کرنے کا پابند ہے اور اگر کوئی محکمہ معلومات فراہم نہیں کرتا تو درخواست پر ایسے محکمے کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے، معلومات تک رسائی ہر شہری کا حق ہے اور اس سلسلے میں ہر شہری و صحافی محکمہ پبلک سے کسی بھی قسم کی معلومات لے سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزکراچی پریس کلب میں پریس کلب کے عہدیداران ،گورننگ باڈی کے ارکان اور صحافیوں کے ساتھ ایک آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کراچی پریس کلب کے سیکریٹری محمدرضوان بھٹی، جوائنٹ سیکریٹری ثاقب صغیر،گورننگ باڈی کے ارکان فاروق سمیع، حامدالرحمن، سینئرصحافی عبدالجبارناصر، اسلم خان سمیت دیگر بھی موجودتھے، جبکہ سیشن سے انفارمیشن کمشنر فواد ملک اور زاہدعبداللہ نے بھی خطاب کیا۔ محمد اعظم نے مزید کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن (آر ٹی آئی) پاکستان میں بنیادی حق ہے جس کی آئین کے آرٹیکل 19-A کے تحت ضمانت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری معلومات تک رسائی کے اپنے حق کا استعمال کرتے ہوئے اپنی مطلوبہ معلومات اس تنظیم سے حاصل کر سکتا ہے جو ٹیکس کی رقم سے عوامی فنڈز حاصل کرتی ہے۔ قبل ازیں انفارمیشن کمشنر فواد ملک نے شرکا کو آر ٹی آئی کی درخواست جمع کرانے کے آسان عمل کے بارے میں بتایا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں