موٹرسائیکل جنگلے سے ٹکراگئی،ڈھائی سالہ بچہ جاں بحق

موٹرسائیکل جنگلے سے ٹکراگئی،ڈھائی سالہ بچہ جاں بحق

حادثہ ماڑی پور میں پیش آیا،گھگھر پھاٹک پر گاڑی نے راہگیر کو کچل دیا،اسٹیل ٹاؤن اور نارتھ ناظم آباد میں دو افراد ٹریفک حادثات کی نذر ہوگئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں کمسن بچے سمیت چار افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پو ر کے علاقے ہاکس بے یونس آباد میں تیزرفتار موٹرسائیکل بے قابو ہوکر فٹ پاتھ پر لگے جنگلے سے ٹکرا گئی ، جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار ڈھائی سالہ بچہ موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔ لاش اور زخمی کو سول اسپتال پہنچایا گیا ،جہاں متوفی بچے کی شناخت عبدالہادی ولد دانش کے نام سے کی گئی جبکہ زخمی کی شناخت 26سالہ نعیم کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق زخمی کی حالت تشویشناک ہے جبکہ متوفی بچہ اسی علاقے کا رہائشی تھا۔ مین نیشنل ہائی وے گھگھر پھاٹک رینجرز چوکی کے قریب سڑک عبور کرنے والے 22 سالہ راہگیرکو گاڑی نے کچل دیا۔ متوفی کی شناخت 22سالہ سمیع اللہ ولد غلام جان کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق متوفی گھگھر پھاٹک کے قریب کا رہائشی تھا۔ نارتھ ناظم آباد حیدری مارکیٹ کے سامنے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو تیزرفتار گاڑی نے کچل دیا۔ متوفی کی شناخت 28سالہ وقار ملک ولد محمد اسحاق کے نام سے کی گئی ۔اسٹیل ٹاؤن کے علاقے میں شہباز پٹرول پمپ کے سامنے سڑک عبور کرنے والے نوجوان کو تیزرفتار گاڑی نے کچل دیا۔ متوفی کی شناخت 28سالہ راشد منہاس ولد علی محمد کے نام سے کی گئی۔ پولیس کے مطابق متوفی اسٹیل ٹاؤن کا ہی رہائشی تھا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں