نادہندگان واجب الادا ٹیکس فوری جمع کرا دیں، وزیر ایکسائز

نادہندگان واجب الادا ٹیکس فوری جمع کرا دیں، وزیر ایکسائز

روڈ چیکنگ مہم کی بدولت ٹیکس دینے والوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا، مکیش چاؤلہ،6837گاڑیوں کو چیک، 926 کے کاغذات ضبط، 30 لاکھ سے زائدوصول کئے گئے ، اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاؤ لہ کی زیر صدارت کراچی میں ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکسوں کی وصولی کے لئے شروع کی جانے والی روڈ چیکنگ مہم کے اختتام پر ایک اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں سیکریٹری ایکسائز راجہ خرم شہزاد عمر، ڈائریکٹر جنرلز اقبال احمد لغاری، اورنگزیب اکبر پنہور اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کراچی میں مجموعی طور پر 6837 گاڑیوں کو چیک کیا گیا، مختلف وجوہات کی بنا پر926 گاڑیوں کے کاغذات ضبط کئے گئے اور ان گاڑیوں سے ٹیکسوں کی مد میں 30 لاکھ 80 ہزار 575 روپے وصول کئے گئے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ کراچی میں روڈ چیکنگ مہم کے لیے 10 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جبکہ کراچی کے تقریباً 37 مقامات پر ان ٹیموں نے اپنے فرائض انجام دئیے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤ لہ نے کامیاب روڈ چیکنگ مہم کے انعقاد پر متعلقہ افسران کو مبارک باد دی اور کہا کہ روڈ چیکنگ مہم کی بدولت نہ صرف سڑکوں پر ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکس وصول کئے گئے بلکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے دفاتر میں بھی ٹیکس جمع کرانے والوں کی تعداد میں قابل ذکر اضافہ دیکھنے میں آیا۔ انہوں نے جائیداد، پروفیشنل ٹیکس نادہندگان اور گاڑیوں کے مالکان سے درخواست کی کہ وہ اپنے واجب الادا ٹیکس فوری طور جمع کرا دیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں