خاتون کو ہراساں کرنے پر 2 ڈپٹی ڈائریکٹرز معطل،کمیٹی قائم

خاتون کو ہراساں کرنے پر 2 ڈپٹی ڈائریکٹرز معطل،کمیٹی قائم

عارف قاضی کچی آبادی اور مسرور اقبال انسداد تجاوزات ایسٹ میں تعینات تھے ،افسران نے مبینہ طور پر خاتون سے رشوت طلب،ہراساں کیا، بیرسٹر مرتضیٰ وہاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے 2 ڈپٹی ڈائریکٹرز کو خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں معطل کردیا گیا، گجر نالے کی متاثرہ خاتون نے ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا ، واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جنسی طور پر ہراساں کرنے پر بلدیہ عظمیٰ کے 2 ڈپٹی ڈائریکٹرز کو معطل کردیا گیا ، کے ایم سی نے دونوں ڈپٹی ڈائریکٹرز عارف قاضی اور مسروراقبال کی معطلی کے نوٹس جاری کردیے ہیں۔ دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے گجرنالا کی متاثرہ خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔ عارف قاضی کچی آبادی اور مسرور اقبال انسداد تجاوزات ایسٹ میں تعینات تھے۔ کے ایم سی کے مطابق ایک خاتون کی شکایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ نالے پر کارروائی کے دوران گھر بچانے کیلئے رشوت طلب کی گئی، رشوت کے ساتھ اسے جنسی طور پر ہراساں بھی کیا گیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ اس کے پاس پیغامات اور وائس ریکارڈنگ موجود ہے۔ افسران کو معطل کرنے کے بعد 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو حقائق کا جائزہ لے کر 5 روز میں رپورٹ جمع کرائے گی۔کمیٹی عذرا مقیم، غلام مرتضیٰ بھٹو اور عرفان سلام پر مشتمل ہے۔ ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ دو نوں افسران نے مبینہ طور پر خاتون سے رشوت طلب کی اور اسے ہراساں کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں